پاک-لنکا سیریز میں ڈے-نائٹ ٹیسٹ متوقع

1 1,025

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بین الاقوامی کرکٹ کو جدید بنانے کے لیے ایک اور قدم اٹھانے کا ارادہ کر لیا ہے اور اس مرتبہ پاکستان ٹیسٹ کرکٹ میں عوامی دلچسپی بڑھانے کے لیے اسے مصنوعی روشنیوں میں کروانے کا تجربہ کرنا چاہ رہا ہے۔ اس مقصد کے لیے رواں سال پاک-سری لنکا ٹیسٹ سیریز کو منتخب کیا گیا ہے جو متحدہ عرب امارات میں کھیلی جائے گی۔

اگر معاملات طے پا گئے تو پاک-سری لنکا سیریز کا پہلا ٹیسٹ گلابی یا نارنجی گیند کے ساتھ دن اور رات دونوں اوقات میں کھیلا جائے گا (تصویر: Matt Bright)
اگر معاملات طے پا گئے تو پاک-سری لنکا سیریز کا پہلا ٹیسٹ گلابی یا نارنجی گیند کے ساتھ دن اور رات دونوں اوقات میں کھیلا جائے گا (تصویر: Matt Bright)

پی سی بی کے مطابق 31 دسمبر سے دبئی میں شروع ہونے والے پاک-سری لنکا پہلے ٹیسٹ کو ڈے-نائٹ کروانے کے لیے سری لنکن کرکٹ بورڈ اور اماراتی حکام سے رابطہ کیا گیا ہے۔ اگر تمام معاملات بخیر و خوبی انجام پائے تو ٹیسٹ کرکٹ میں اک نئی دلچسپی سامنے آئے گی اور شائقین کرکٹ پاک-سری لنکا سیریز کا آغاز ہی پہلے ڈے-نائٹ ٹیسٹ سے کریں گے۔

ٹیسٹ کرکٹ کی مصنوعی روشنیوں میں منتقلی کا مطلب ہے اس مرتبہ روایتی لال گیند کے بجائے نارنجی یا گلابی گیند استعمال ہوگی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے ڈومیسٹک سیزن کے دو فائنل ڈے نائٹ کرواچکا ہے جس میں تجرباتی طور پر ایک مرتبہ گلابی اور دوسری مرتبہ نارنجی گیند کا استعمال کیا گیا تھا۔

دوسری جانب سری لنکن کرکٹ بورڈ نے پاکستان کی اس تجویز کو خوش آئند قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ڈے نائٹ ٹیسٹ پر انہیں کوئی اعتراض نہیں ہے، تاہم کوئی بھی فیصلہ کرنے سے قبل بورڈ اجلاس میں اس کی منظوری لی جائے گی۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بھی پاک سری لنکا ڈے نائٹ ٹیسٹ کے ممکنہ انعقاد کو خوش آئند قرار دیا ہے اور ساتھ ہی واضح کردیا ہے کہ اس ضمن میں حتمی فیصلہ دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز کو کرنا ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال جون میں آئی سی سی بورڈ اجلاس میں ڈے-نائٹ ٹیسٹ میچز کے انعقاد کی منظوری دی گئی تھی۔