پاک-زمبابوے سیریز خطرے میں
اس مرحلے پر کہ پاک-زمبابوے سیریز کے لیے مہمان ٹیم کی روانگی میں محض چند دن رہ گئے ہیں، زمبابوے کے ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا ہے کہ سیریز کا انعقاد خطرے میں پڑ گیا ہے۔ وجہ زمبابوے کے کھلاڑیوں کی جانب سے معاوضے میں اضافے کا مطالبہ ہے۔
اس وقت جبکہ ہرارے میں زمبابوے کی ٹیم کا تربیتی کیمپ شروع ہونے والا تھا، کھلاڑیوں نے اپنے دو مطالبات پیش کر دیے ہیں کہ جب تک انہیں پورا نہیں کیا جائے گا تب تک کیمپ میں شرکت نہیں کی جائے گی۔ حالات کو دیکھتے ہوئے بورڈ نے کیمپ ملتوی کر دیا ہے۔
زمبابوے کے کھلاڑیوں کو اس وقت بورڈ کی جانب سے ماہانہ2 ہزار ڈالرز معاوضہ ملتا ہے، وہ بھی سال میں صرف 7 مہینے ادا کیا جاتا ہے۔ کھلاڑیوں نے بقایا جات کی فوری ادائیگی کے علاوہ میچ فیس میں اضافے کا مطالبہ بھی کیا ہے اور کہا ہے کہ ٹیسٹ میچ کی فیس 5 ہزار ڈالرز، ایک روزہ کی 3 ہزار ڈالرز اور ٹی ٹوئنٹی کی 1500 ڈالرز کی جائے۔
23 اگست کو پہلے ٹی ٹوئنٹی سے شروع ہونے والی سیریز کے لیے پاکستان کا دستہ 19 اگست کو ہرارے کے لیے روانہ ہوگا