عمر اکمل کو مرگی کا دورہ؟ دورۂ زمبابوے سے خارج
پاکستان کے بلے باز عمر اکمل پراسرار انداز میں بے ہوش ہوگئے، اور ان کی صحت کے حوالے سے اطلاعات موصول ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے نہ صرف انہیں وطن واپس طلب کرلیا ہے بلکہ انہیں دورۂ زمبابوے سے بھی خارج کردیا گیا ہے۔
مڈل آرڈر بیٹسمین اس وقت کیریبین پریمیئر لیگ میں شرکت کے لیے ویسٹ انڈیز میں موجود ہیں لیکن بدھ کو جمیکا جانے والی فلائٹ کے دوران انہیں اچانک دورہ پڑنے کے بعد انہیں ایک رات ہسپتال میں گزارنی پڑی اور اس اطلاع نے سب کو پریشان کر کے رکھ دیا ہے اور اندازہ یہی ہے کہ غالباً انہیں مرگی کا دورہ پڑا ہے کیونکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جو بیان جاری کیا گیا ہے اس کے مطابق انہیں فوری طور پر وطن واپس طلب کیاگیا ہے تاکہ ماہر عصبیات (نیورولوجسٹ) ان کا معائنہ کرسکیں۔ ان کی حالت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ وطن واپس آتے ہوئے دوران پرواز احتیاطاً ایک ڈاکٹر بھی ان کے ہمراہ ہوگا۔
بہرحال، پی سی بی نے دورۂ زمبابوے کے مختصر اوورز کے مرحلے کے لیے پیش کردہ ان کا نام واپس لے لیا ہے اور ان کی جگہ سرفراز احمد کو وکٹ کیپر بلے باز کی حیثیت سے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ اب وہ کل یعنی اتوار کو زمبابوے جانے والے دستے کے ساتھ جائیں گے۔
واضح رہے کہ عمر اکمل اس وقت محدود اوورز کی کرکٹ میں کپتان مصباح الحق کے بعد پاکستان کے کامیاب ترین بلے باز ہیں اور حالیہ دورۂ ویسٹ انڈیز میں انہوں نے اپنی بہترین بلے بازی سے پاکستان کے کامیابیاں عطا کیں۔