مصباح آج وطن واپس پہنچیں گے
پاکستان کے ٹیسٹ اور ون ڈے کپتان مصباح الحق آج اہل خانہ کے ہمراہ ویسٹ انڈیز سے لاہور پہنچیں گے۔ وہ دورۂ زمبابوے کے لیے ویسے ہی کیریبیئن پریمیئر لیگ چھوڑ کر آتے، لیکن اپنی ٹیم سینٹ لوشیا کی سیمی فائنل تک رسائی میں ناکامی نے ان کے لیے یہ مرحلہ بہت اسان کردیا۔
مصباح الحق صرف اپنے اہل خانہ کو وطن واپس چھوڑنے کے لیے پاکستان آ رہے ہیں اور اس کے فوراً بعد زمبابوے کے لیے روانہ ہوجائیں گے جہاں 27 اگست سے شروع ہونے والی ایک روزہ سیریز اور اس کے بعد ہونے والے دو ٹیسٹ مقابلوں میں پاکستان کی قیادت کریں گے۔
پاک-زمبابوے سیریز کا باضابطہ آغاز 23 اگست سے ہرارے میں پہلے ٹی ٹوئنٹی مقابلے سے ہو رہا ہے جس کے لیے قومی دستہ گزشتہ شب روانہ ہو چکا ہے جبکہ مصباح 25 اگست کو ہرارے پہنچیں گے۔
مصباح کیریبیئن پریمیئر لیگ میں شریک تھے جہاں ان کی ٹیم سینٹ لوشیا زوکس سیمی فائنل تک پہنچنے میں ناکام رہی۔