احمد شہزاد اور شاہد آفریدی کا دن، پاکستان پہلا ٹی ٹوئنٹی جیت گیا

1 1,156

احمد شہزاد کی ذمہ دارانہ بلے بازی اور بعد ازاں شاہد آفریدی کی آل راؤنڈ کارکردگی نے پاکستان کو زمبابوے کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میں 25 رنز کی فتح سے ہمکنار کر دیا۔ زمبابوے نے پہلے باؤلنگ اور پھر بیٹنگ میں آغاز بہت عمدہ لیا لیکن تجربے کے سامنے اس کی ایک نہ چل سکی اور مقابلہ گنواتے ہی بنی۔

شاہد آفریدی نے 23 قیمتی رنز بھی بنائے اور تین وکٹیں بھی حاصل کیں البتہ مرد میدان احمد شہزاد قرار پائے (تصویر: AFP)
شاہد آفریدی نے 23 قیمتی رنز بھی بنائے اور تین وکٹیں بھی حاصل کیں البتہ مرد میدان احمد شہزاد قرار پائے (تصویر: AFP)

ہرارے اسپورٹس کلب میں ہونے والے اولین ٹی ٹوئنٹی میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا اور ٹینڈائی چتارا کے ہاتھوں ناصر جمشید اور محمد حفیظ کی وکٹیں جلد حاصل کر کے پاکستان کو پچھلے قدموں پر دھکیل دیا۔ اگر احمد شہزاد 70، پہلا ٹی ٹوئنٹی کھیلنے والے صہیب مقصود 26 اور پھر آخر میں شاہد آفریدی 23 رنز کی باریاں نہ کھیلتے تو پاکستان کو کافی مشکلات کا سامنا ہو سکتا تھا۔ احمد شہزاد نے بالخصوص اس وقت جب دوسرے اینڈ سے تین وکٹیں گر چکی تھیں، اننگز کو بہت اچھی طرح سنبھالا۔ خراب گیندوں کو باؤنڈری کی راہ دکھائی اور اچھی گیندوں پر فیلڈرز کے درمیان رنز لے کر اسکور بورڈ کو متحرک رکھا اور آنے والے بلے بازوں کے لیے موقع پیدا کیا کہ وہ آخری اوورز کا فائدہ اٹھا کرمجموعے کو زمبابوے کی پہنچ سے کہیں دور تک پہنچا دیں۔

صرف 50 گیندوں پر 70 رنز کی شاندار اننگز کا خاتمہ اس وقت ہوا جب وہ اسکور کو تیزی سے مزید آگے بڑھانے کی کوشش میں وہ لانگ آن باؤنڈری پر کیچ دے گئے. لیکن اس وقت تک وہ اپنی ذمہ داری اچھی طرح نبھا چکے تھے۔ ان کی اننگز میں 6 چوکے اور ایک چھکا بھی شامل تھا۔

صہیب مقصود نے اپنی 16 گیندوں کی مختصر اننگز میں کافی متاثر کیا۔ انہوں نے دو مرتبہ گیند کو چھکے کی راہ دکھائی جبکہ ایک بار چوکا بھی لگایا اور 26 رنز بنانے کے بعد ووسی سبانڈا کے ایک خوبصورت کیچ کا شکار ہوگئے جو واضح طور پر چوکے یا چھکے کے لیے جاتی ہوئی گیند کو لپکنے کے لیے کافی فاصلہ طے کر کے آئے باؤنڈری سے چند فٹ کے فاصلے پر اسے جا لیا۔

آخری لمحات میں شاہد آفریدی کی 16 گیندوں پر 23 رنز کی اننگز نے پاکستان کے مجموعے کو 161 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کی باری میں ایک چھکا اور ایک چوکا شامل تھا۔

زمبابوے کی جانب سے چتارا نے دو، جبکہ پراسپر اتسیا، شنگی ماساکازا اور ایلٹن چگمبورا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ اتسیا نے اپنے چار اوورز میں محض 15 رنز دیے۔

جواب میں زمبابوے کا آغاز عمدہ تھا۔ اوپنرز ہملٹن ماساکازا اور ووسی سبانڈا نے 53 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا اور پاکستان کے ابتدائی باؤلرز کو کافی پریشان کیا۔ انور علی نے خطرناک روپ دھارتی ہوئی اس شراکت داری کا خاتمہ ماساکازا کو ایل بی ڈبلیو کر کے کیا۔ جو 16 گیندوں پر 18 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔ حالات مزید بگڑتے لیکن پاکستانی اسپنرز نے میزبان ٹیم کے لیے مسئلے کھڑے کر دیے۔

سب سے پہلے شاہد آفریدی نے ووسی سبانڈا کو کلین بولڈ کیا جنہوں نے 42 گیندوں پر 31 رنز بنائے جبکہ اگلے ہی اوور میں محمد حفیظ نے سین ولیمز کو ایل بی ڈبلیو کر کے پاکستان کو بہتر پوزیشن پر پہنچا دیا۔ اس کے بعد زمبابوے میچ میں واپس نہ آ سکا۔ گو کہ کپتان برینڈن ٹیلر کریز پر موجود تھے لیکن بڑھتا ہوا رن اوسط ان کے بس کی بات دکھائی نہ دیتی تھی۔ آفریدی نے اننگز کے 18 ویں اوور میں تمی سین ماروما اور ایلٹن چگمبورا کی وکٹیں بھی حاصل کیں اور مقررہ 20 اوورز کے اختتام تک زمبابوے 5 وکٹوں پر 136 رنز ہی بنا پایا۔

شاہد آفریدی نے 25 رنز دے کر 3 جبکہ انور علی اور محمد حفیظ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

احمد شہزاد کو دن کی سب سے بڑی اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

سیریز میں ناقابل شکست برتری حاصل ہونے کے بعد اب پاکستان کل یعنی ہفتے کو ایک مرتبہ پھر اسی میدان پر زمبابوے کا سامنا کرے گا اور مقابلہ جیت کر سیریز دو-صفر سے جیتنے اور عالمی درجہ بندی میں نمبر ایک پوزیشن مزید قریب پہنچنے کو ممکن بنائے گا۔

زمبابوے بمقابلہ پاکستان

پہلا ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی مقابلہ

23 اگست 2013ء

بمقام: ہرارے اسپورٹس کلب، ہرارے

نتیجہ: پاکستان 25  رنز سے فتح یاب

میچ کے بہترین کھلاڑی: احمد شہزاد

پاکستان رنز گیندیں چوکے چھکے
احمد شہزاد ک والر ب شنگی ماساکازا 70 50 6 1
ناصر جمشید ک وٹوری ب چتارا 2 5 0 0
محمد حفیظ ک ٹیلر ب چتارا 3 8 0 0
عمر امین ک ٹیلر ب اتسیا 14 18 1 0
صہیب مقصود ک سبانڈا ب چگمبورا 26 16 1 2
شاہد آفریدی ناٹ آؤٹ 23 16 1 1
انور علی ناٹ آؤٹ 10 7 1 0
فاضل رنز ل ب 5، و 8 13
مجموعہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 161

 

زمبابوے (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
پراسپر اتسیا 4 0 15 1
ٹینڈائی چتارا 4 0 30 2
برائن وٹوری 4 0 26 0
شنگی ماساکازا 4 0 37 1
سین ولیمز 2 0 18 0
ایلٹن چگمبورا 2 0 30 1

 

زمبابوےہدف: 162 رنز رنز گیندیں چوکے چھکے
ہملٹن ماساکازا ایل بی ڈبلیو ب انور علی 18 16 3 0
ووسی سبانڈا ب آفریدی 31 42 3 0
برینڈن ٹیلر ناٹ آؤٹ 32 30 3 0
سین ولیمز ایل بی ڈبلیو ب حفیظ 9 7 1 0
ٹمی سین ماروما اسٹمپ سرفراز ب آفریدی 10 13 1 0
ایلٹن چگمبورا ب آفریدی 6 5 1 0
میلکم والر ناٹ آؤٹ 14 7 1 1
فاضل رنز ب 5، ل ب 2، و 9 16
مجموعہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 136

 

پاکستان (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
سہیل تنویر 4 0 23 0
محمد عرفان 3 0 18 0
انور علی 3 0 21 1
سعید اجمل 4 0 30 0
شاہد آفریدی 4 0 25 3
محمد حفیظ 2 0 12 1