کھلاڑی بن گیا تماشائی، محمد آصف نمائشی میچ بھی نہ کھیل سکا
پاکستان کے زیر عتاب کرکٹر محمد آصف کو بین الاقوامی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کی اجازت نہ مل سکی۔ بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے طویل پابندی بھگتنے والے محمد آصف وطن سے بہت دور ناروے میں ہونے والے اوسلو میلے میں شرکت کے لیے پہنچے لیکن منزل پر پہنچنے کے باوجود صرف چند خدشات کے باعث انہیں ایک نمائشی مقابلے میں شرکت نہیں کرنے دی گئی۔
آئی سی سی کی سات سالہ پابندی کے شکار محمد آصف کو ناروے کرکٹ نے صرف اس لیے نمائشی مقابلے میں شرکت نہ کرنے دی کیونکہ اس کے نتیجے میں بین الاقوامی کرکٹ کونسل ممکنہ طور پر ناراض ہو سکتی ہے اور مقابلے میں شریک دیگر کھلاڑیوں کو بھی آگے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
مذکورہ مقابلے میں محمد آصف نے شعیب اختر الیون کے خلاف عبد الرزاق الیون کی نمائندگی کرنا تھی لیکن اوسلو میں ہونے والا یہ مقابلہ انہیں بطور شائق صرف دیکھنا پڑا۔ لیکن وہ اکیلے نہیں تھے، مقابلہ انہوں نے پڑوسی ملک کی ایک اداکارہ کے ساتھ بیٹھ کر دیکھا۔
2010ء میں انگلستان کے خلاف لارڈز ٹیسٹ میں جان بوجھ کر نو بالز پھینکنے اور اس کے بدلے میں سٹے بازوں سے بھاری رقوم بٹورنے کا الزام ثابت ہونے پر بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے محمد آصف پر 7 سال کی پابندی عائد کی تھی جس کے دوران وہ کسی بھی سطح کی منظور شدہ کرکٹ میں حصہ نہیں لے سکتے۔