عالمی درجہ بندی: جیت انگلستان کی اور فائدہ پاکستان کو

0 1,035

آسٹریلیا کی ٹیسٹ کرکٹ میں حالیہ کارکردگی کی بنیاد پر ایشیز سیریز میں اس سے بہت زیادہ توقعات تو وابستہ نہیں تھیں، اس کے برعکس اس نے انگلستان کا کہیں زیادہ ڈٹ کر مقابلہ کیا لیکن اہم مواقع پر مقابلے پر گرفت مضبوط نہ کر پانے اور کسی حد تک بدقسمتی آڑے آنے کی وجہ سے آج جب پانچواں و آخری ٹیسٹ اپنے اختتام کو پہنچا تو سیریز کا نتیجہ تین-صفر سے انگلستان کے حق میں تھا۔ اس بدترین شکست نے آسٹریلیا کو عالمی درجہ بندی میں ایک درجہ تنزلی کے بعد پانچویں پوزیشن پر لا پھینکا ہے اور پاکستان کو خوش قسمتی سے چوتھی پوزیشن مل گئی ہے۔

اس بدترین شکست کے بعد آسٹریلیا دو سالوں کے بعد پہلی بار پانچویں پوزیشن پر آ گیا ہے (تصویر: Getty Images)
اس بدترین شکست کے بعد آسٹریلیا دو سالوں کے بعد پہلی بار پانچویں پوزیشن پر آ گیا ہے (تصویر: Getty Images)

جب 10 جولائی کو آسٹریلیا اور انگلستان کے مابین پہلا ٹیسٹ شروع ہوا تھا تو اس وقت انگلستان 112 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے جبکہ آسٹریلیا 105 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر تھا جبکہ پاکستان کے 102 پوائنٹس تھے جسے اپنے قریبی ترین حریف ویسٹ انڈیز پر 3 پوائنٹس کی برتری حاصل تھی لیکن تین-صفر کی واضح شکست نے عالمی درجہ بندی پر آسٹریلیا کی پوزیشن کو سخت نقصان پہنچایا ہے۔

بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے مطابق تازہ ترین عالمی درجہ بندی میں انگلستان 4 پوائنٹس اضافے کے بعد 116 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر پہنچ چکا ہے۔ انگلستان کی اس ترقی کے نتیجے میں بھارت کو نیچے آنا پڑا ہے جو اب 116 پوائنٹس کے ساتھ ہی تیسرے نمبر پر ہے۔ چوتھے درجے پر 102 پوائنٹس کا حامل پاکستان ہے جبکہ آسٹریلیا کے پوائنٹس کی تعداد اب 101 ہو چکی ہے اور وہ پانچویں نمبر پر ہے۔

یہ اگست 2011ء کے بعد پہلا موقع ہے کہ آسٹریلیا عالمی درجہ بندی میں پانچویں نمبر تک گر گیا ہے۔

دنیائے ٹیسٹ کی بہترین ٹیم اس وقت بھی جنوبی افریقہ ہے جو 135 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے اور اسے قریبی ترین حریف انگلستان پر 19 پوائنٹس کی واضح برتری حاصل ہے۔ مکمل درجہ بندی ذیل میں ملاحظہ کیجیے:

ٹیسٹ ٹیموں کی عالمی درجہ بندی

شمار ملک مقابلے پوائنٹس ریٹنگ
1 جنوبی افریقہ جنوبی افریقہ 24 3240 135
2 انگلستان انگلستان 38 4407 116
3 بھارت بھارت 30 3473 116
4 پاکستان پاکستان 19 1947 102
5 آسٹریلیا آسٹریلیا 33 3318 101
6 ویسٹ انڈیز ویسٹ انڈیز 22 2168 99
7 سری لنکا سری لنکا 26 2295 88
8 نیوزی لینڈ نیوزی لینڈ 27 2126 79
9 بنگلہ دیش بنگلہ دیش 13 135 10