عمر اکمل کلیئر قرار، پی سی بی کا ڈرامہ سمجھ سے بالاتر

0 1,027

جس رپورٹ کو بنیاد بنا کر عمر اکمل کو دورۂ زمبابوے کے لیے ٹیم سے باہر کیا گیا، اس میں سرے سے ایسی کوئی سنگین بات نہیں جس کی وجہ سے نوجوان بلے باز بین الاقوامی کرکٹ کو جاری نہ رکھ سکے۔ رپورٹ، جس کی نقل کرک نامہ کو موصول ہوئی ہے، کے مطابق انہیں کسی ایسے طبی مسئلے کا سامنا نہیں جس کی بنیاد پر انہیں کرکٹ کے میدانوں سے دور کیا جائے۔

عمر اکمل نے ویسٹ انڈیز کے خلاف حالیہ سیریز میں شاندار کارکردگی دکھائی تھی (تصویر: AFP)
عمر اکمل نے ویسٹ انڈیز کے خلاف حالیہ سیریز میں شاندار کارکردگی دکھائی تھی (تصویر: AFP)

23 سالہ عمر اکمل کو گزشتہ ماہ ویسٹ انڈیز میں کیریبیئن پریمیئر لیگ کھیلنے کے دوران اس وقت طبی مسائل کا سامنا کرنا پڑا جب وہ دوران پرواز دورے پڑنے کی وجہ سے نیم بے ہوش ہو گئے تھے اور بعد ازاں اینٹیگا کے ایک ہسپتال میں زیر علاج بھی رہے۔ اس ہسپتال کی رپورٹ پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھیجی گئی تھی، جس نے عمر اکمل کو فوری طور پر وطن واپسی کی ہدایت کی تھی اور ساتھ ہی ان کا نام بھی دورۂ زمبابوے سے خارج کر دیا تھا۔

اس رپورٹ کو بنیاد بناتے ہوئے پی سی بی نے ان کے مزید ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ کیا اور اس سلسلے میں لاہور اور کراچی میں عمر اکمل کے ایم آر آئی اور سی ٹی اسکین ٹیسٹ بھی ہوئے۔ اب پاکستان کرکٹ بورڈ کے میڈیکل پینل نےآج اعلان کیا ہے کہ عمر اکمل مکمل طور پر فٹ ہیں اور اپنی کرکٹ جاری رکھ سکتے ہیں۔

ماہر علم الاعصاب (نیورولوجسٹ) ڈاکٹر نادر علی سید کا کہنا ہے کہ اس دورے کا سبب نیند کی کمی تھی اور اکمل کو اس وقت کسی دوا کی ضرورت نہیں ہے، انہیں صرف یہ یقینی بنانا ہوگا کہ وہ دن میں کم از کم 6 سے 8 گھنٹے کی نیند لیں۔

ایک تو ابتداء میں ان کی بیماری کے حوالے سے "دورے" کا لفظ سامنے آیا اور اوپر سے پی سی بی کی فوری کارروائی نے سخت تشویش پھیلا دی اور ذرائع ابلاغ میں یہ تک خبریں آئیں کہ عمر اکمل کو مرگی کا دورہ پڑا ہے اور ہو سکتا ہے کہ وہ دوبارہ اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز نہ کر سکیں۔

جب ابتدائی رپورٹ ہی میں ایسی کوئی خطرناک چیز نہیں تھی تو آخر بورڈ نے کس بنیاد پر عمر اکمل کو ویسٹ انڈیز سے فوری طور پر واپس بلایا؟ کیا وہ نوجوان کھلاڑی کو سبق سکھانا چاہتا تھا یا پلیئر پاور ختم کرنے کے لیے ایک ہتھکنڈہ آزمانا چاہتا تھا۔ ان سوالوں کا کوئی جواب اس وقت تو نہیں ہے لیکن ایک بات جو اس قضیے کو متنازع بناتی ہے وہ یہ کہ اس مرتبہ بھی پی سی بی کے ڈائریکٹر انتخاب عالم اس معاملے کی پشت پر ہیں۔ جی ہاں، وہی انتخاب عالم جنہوں نے شعیب اختر کی حساس میڈیکل رپورٹس منظرعام پر "عالمی شہرت" سمیٹی تھی، بدنام جو ہوں گے تو کیا نام نہ ہوگا؟ 🙂

عمر اکمل کی ابتدائی میڈیکل رپورٹ کا عکس
عمر اکمل کی ابتدائی میڈیکل رپورٹ کا عکس