تازہ عالمی درجہ بندی، یونس بلے بازوں میں چھٹے اور اجمل باؤلرز میں تیسرے نمبر پر
پاک-زمبابوے سیریز کا پہلا ٹیسٹ اپنے اختتام کو پہنچا اور مقابلے میں پاکستان کی فتح میں کلیدی کردار ادا کرنے والے کھلاڑیوں کی عالمی درجہ بندی کو بہتر بنا گیا۔
ہرارے ٹیسٹ کے اختتام پر بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے تازہ کی جانے والی درجہ بندی کے مطابق میچ کے بہترین کھلاڑی یونس خان، مقابلے میں 11 وکٹیں لینے والے سعید اجمل اور دونوں اننگز میں نصف سنچریاں بنانے والے قائد پاکستان مصباح الحق کی درجہ بندی میں ترقی ہوئی ہے۔
کیریئر کی چوتھی ڈبل سنچری بنانے والے یونس خان دنیا کے بہترین بلے بازوں میں چھٹے نمبر پر آ گئے ہیں یعنی کہ انہیں دو درجے ترقی ملی ہے۔ یونس ہی ٹاپ 10 میں پاکستان کے واحد بلے بازہیں۔
ان کے بعد پاکستان کے بہترین ٹیسٹ بلے باز اظہر علی ہیں، جنہوں نے ہرارے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں قیمتی 78 رنز بنائے تھے جبکہ مصباح الحق ایک درجہ ترقی پانے کے بعد 15 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔
مسلسل ناکامی کے بعد اسد شفیق 6 درجے تنزلی پا کر 19 ویں سے 25 ویں نمبر پر جا پہنچے ہیں۔ اسد ہرارے میں پہلی اننگز میں 4 اور دوسری اننگز میں 14 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے تھے۔
بحیثیت مجموعی بلے بازوں میں جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ ہی پہلے نمبر پر ہیں جبکہ ویسٹ انڈیز کے شیونرائن چندرپال دوسرے اور جنوبی افریقہ ہی کے ابراہم ڈی ولیئرز تیسرے نمبر پر ہیں۔
گیندبازوں کو دیکھیں تو وہاں ہرارے ٹیسٹ میں 11 وکٹیں لینے وال پاکستانی اسپنر سعید اجمل کی ترقی ہوئی ہے اور وہ ایک درجہ پھلانگ کر ایک مرتبہ پھر عالمی نمبر تین بن چکے ہیں۔
سرفہرست 10 میں اور کوئی پاکستانی باؤلر تو شامل نہیں لیکن اسپنر عبد الرحمٰن 13 ویں نمبر پر موجود ہیں جبکہ گیندبازوں پر جنوبی افریقہ کی جوڑی ڈیل اسٹین اور ویرنن فلینڈر کی بادشاہت برقرار ہے۔
تازہ ترین ٹیسٹ عالمی درجہ بندی کرک نامہ کے اس صفحے پر ملاحظہ کیجیے۔