جنوبی افریقہ کرکٹ ایوارڈز: ہاشم آملہ مسلسل دوسری مرتبہ سال کے بہترین کھلاڑی قرار
جنوبی افریقہ اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں کرکٹ کے شیدائیوں کے پسندیدہ کھلاڑی ہاشم آملہ جنوبی افریقی کرکٹ ایوارڈز کی تقریب کے ہیرو قرار پائے ہیں اور انہوں نے سال 2013ء کے چار ایوارڈز اپنے نام کرلیے۔
جنوبی افریقی کرکٹ ایوارڈ 2013ء کی تقریب میں ہاشم آملہ کو کرکٹر آف دی ایئر اور ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر کے ایوارڈ دیے گئے تو وہ مکھایا این تینی اور ژاک کیلس کے بعد تیسرے کھلاڑی بن گئے ہیں جنہیں دو مرتبہ سال کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔
ہاشم آملہ کو پرستاروں نے بھی سب سے زیادہ پسند کیا جس وجہ سے انہیں فین کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔
انگلینڈ کے خلاف گزشتہ سال 311 رنز کی ریکارڈ ساز اننگز کھیلنے پر متاثر کن پرفارمنس دینے کا ایوارڈ بھی ہاشم آملہ کو ملا۔
ایوارڈز کے دیگر زمروں میں جنوبی افریقی ون ڈے کپتان ابراہم ڈی ولیئرز کو ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کے ایوارڈ سمیت کھلاڑیوں کے کھلاڑی ہونے کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔
ڈیل اسٹین کو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ دیا گیا ۔ جبکہ کائل ایبٹ کو پاکستان کے خلاف ڈیبیو میں سات وکٹیں لینے پر نیو کمر آف دی ایئر کرکٹر کے اعزاز سے نوازا گیا۔