[ریکارڈز] یونس خان 7 ہزار ٹیسٹ رنز بنانے والے چوتھے پاکستانی

0 1,094

پاکستان کے مڈل آرڈر بلے باز یونس خان کے لیے زمبابوے کا دورہ بہت مبارک ثابت ہو رہا ہے۔ پہلے ٹیسٹ میں ڈبل سنچری بنانے کے بعد اب ہرارے ہی میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میں انہوں نے اپنے کیریئر کا ایک بہت اہم سنگ میل عبور کیا ہے یعنی 7 ہزار ٹیسٹ رنز۔

یونس نے 52 کے زیادہ کے شاندار اوسط کے ساتھ 7 ہزار رنز بنائے ہیں (تصویر: AP)
یونس نے 52 کے زیادہ کے شاندار اوسط کے ساتھ 7 ہزار رنز بنائے ہیں (تصویر: AP)

ہرارے اسپورٹس کلب میں دوسرے ٹیسٹ کے دوران انہوں نے دن کے اختتامی لمحات میں برائن وٹوری کو چوکا رسید کر کے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی اور 7 ہزار رنز بھی۔

وہ پاکستان کی کرکٹ تاریخ کے چوتھے بلے باز ہیں جنہیں 7 ہزار یا اس سے زائد رنز بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔ ان سے قبل جاوید میانداد، انضمام الحق اور محمد یوسف 7 ہزار سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنا چکے ہیں۔ جاوید میانداد نے 1976ء سے 1993ء تک محیط اپنے کیریئر میں 124 مقابلے کھیلے اور 23 سنچریوں اور 43 نصف سنچریوں اور 52.57 کے شاندار اوسط کے ساتھ 8832 رنز بنائے جبکہ انضمام الحق نے 120 ٹیسٹ میچز میں 49.60 کے اوسط سے 8830 رنز بنائے یعنی کہ جاوید میانداد سے صرف 2 رنز کم۔ انضمام نے کیریئر میں 25 سنچریاں اور 46 نصف سنچریاں بنائیں۔

ان دونوں عظیم بلے بازوں کے علاوہ یونس خان کے ہم عصر محمد یوسف بھی ٹیسٹ کرکٹ میں 7 ہزار رنز بنا چکے ہیں۔ یوسف نے اپنے 90 ٹیسٹ میچز پر مشتمل کیریئر میں 52.29 کے اوسط سے 7530 رنز بنائے۔ جس میں 24 سنچریاں اور 33 نصف سنچریاں شامل تھیں۔

اب اپنا 84 واں ٹیسٹ مقابلہ کھیلنے والے یونس خان بھی 7 ہزاری منصب پر فائز ہو چکے ہیں۔ 2000ء میں اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والے یونس خان 52 سے زیادہ کا شاندار اوسط رکھتے ہیں اور اب تک 22 سنچریاں اور 27 نصف سنچریاں بنا چکے ہیں۔ جس میں آج ہرارے میں بنائی گئی نصف سنچری بھی شامل ہے۔

یونس خان نے ایک روزہ کرکٹ میں بھی 7 ہزار سے زیادہ رنز بنا رکھے ہیں۔ انہوں نے رواں سال کے اوائل میں جنوبی افریقہ کے خلاف اپنا 7 ہزارواں رن بنایا اور اس سنگ میل کو عبور کرنے والے ساتویں پاکستانی بیٹسمین بن گئے۔

اس وقت ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز بھارت کے سچن تنڈولکر کو حاصل ہے جو اپنے 24 سالہ عہد میں اب تک ریکارڈ 198 ٹیسٹ مقابلے کھیل چکے ہیں اور ان میں 15 ہزار 837 رنز بنا چکے ہیں۔ ریکارڈ 51 سنچریو ں اور 67 نصف سنچریوں کے ساتھ ان کا اوسط 53.86 ہے۔ آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ، بھارت کے راہول ڈریوڈ، جنوبی افریقہ کے ژاک کیلس اور ویسٹ انڈیز کے برائن لارا اس فہرست میں تنڈولکر کے پیچھے کیں۔

پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز

نام ملک مقابلے رنز اوسط بہترین اننگز سنچریاں نصف سنچریاں
جاوید میانداد پاکستان 124 8832 52.57 280* 23 43
انضمام الحق پاکستان 120 8830 49.60 329 25 46
محمد یوسف پاکستان 90 7530 52.29 223 24 33
یونس خان پاکستان 84* 7004 52.26 313 22 27