عالمی نمبر ایک اور دو کا ٹکراؤ، بھارت نے ٹیم کا اعلان کردیا
حال ہی میں انگلستان کو اسی کی سرزمین پر ایک روزہ سیریز میں مات دینے والے آسٹریلیا کا اگلا امتحان اب دورۂ بھارت ہے جہاں وہ ایک ٹی ٹوئنٹی اور 7 ایک روزہ مقابلوں کے لیے دنیا کی نمبر ایک ون ڈے ٹیم بھارت کا سامنا کرے گا۔
آسٹریلیا، جو انگلستان کو شکست دے کر اب ایک روزہ عالمی درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر ہے، تیاریاں کر رہا ہے تو وہیں بھارت نے بھی اس اہم سیریز کے لیے اپنے 15 رکنی دستے کا اعلان کر دیا ہے جو واحد ٹی ٹوئنٹی کے علاوہ اولین تین ون ڈے مقابلوں میں ملک کی نمائندگی کرے گا۔
دنیا کی سرفہرست دونوں ٹیموں کے مقابلے کے لیے بھارت نے جس دستے کا انتخاب کیا ہے اس میں جارح مزاج آل رآؤنڈر یووراج سنگھ کی واپسی سب سے اہم ہے۔
یووراج جو رواں سال کے اوائل میں انگلستان کے خلاف ایک روزہ سیریز میں نمائندگی کے بعد بھارت کی جانب سے کوئی ایک روزہ مقابلہ نہیں کھیل سکے، ویسٹ انڈیز 'اے' کے خلاف اپنی حالیہ کارکردگی کی بنیاد پر ایک مرتبہ پھر بین الاقوامی سطح پر جلوہ گر ہوں گے۔ یووراج نے ویسٹ انڈیز 'اے' کے خلاف تین میچز میں ایک سنچری اور ایک نصف سنچری کی مدد سے 224 رنز بنائے۔
چیمپئنز ٹرافی جیتنے والے دستے کے مقابلے میں بھارت نے اس مرتبہ چار تبدیلیاں کی ہیں جن میں دنیش کارتک کی جگہ یووراج کی شمولیت کے علاوہ امباتی رایودو، محمد شامی اور جے دیو انڈکٹ شامل ہیں جنہیں بالترتیب مرلی وجے، عرفان پٹھان اور امیش یادیو کو خارج کرکے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
بھارت-آسٹریلیا سیریز کا آغاز 10 اکتوبر کو راجکوٹ میں واحد ٹی ٹوئنٹی مقابلے سے ہوگا جس کے بعد دونوں ٹیمیں 13 اکتوبر سے ایک روزہ مقابلے کھیلیں گی۔ سیریز میں مجموعی طور پر 7 ایک روزہ مقابلے کھیلے جائیں گے۔
اس وقت ایک روزہ کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں بھارت کو مضبوط پوزیشن حاصل ہے اور اسے نمبر دو آسٹریلیا پر 8 واضح پوائنٹس کی برتری حاصل ہے۔ جس کا مطلب ہے کہ آسٹریلیا پانچ-دو کے واضح مارجن سے جیت کر ہی عالمی نمبر ایک کا اعزاز بھارت نے چھین کر خود حاصل کر سکتا ہے۔
سیریز کے واحد ٹی ٹوئنٹی اور اولین تین ون ڈے مقابلوں کے لیے اعلان کردہ بھارتی دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:
مہندر سنگھ دھونی (کپتان)، امباتی رایودو، امیت مشرا، ایشانت شرما، بھوونیشور کمار، جے دیو انڈکٹ، روہیت شرما، روی چندر آشون، رویندر جدیجا، سریش رینا، شیکھر دھاون، محمد شامی، ونے کمار، ویراٹ کوہلی اور یووراج سنگھ۔