دورۂ بھارت کے لیے 15 رکنی ویسٹ انڈین دستے کا اعلان

0 1,021

ویسٹ انڈیز نے دورۂ بھارت کے لیے اپنے 15 رکنی ٹیسٹ دستے کا اعلان کر دیا ہے جس میں اس وقت دورۂ ہند پر موجود ویسٹ انڈیز 'اے' کے کپتان کرک ایڈورڈز بھی شامل ہیں۔

سجن تنڈولکر ممکنہ طور پر اسی سیریز میں اپنا 200 واں ٹیسٹ کھیلیں گے (تصویر: AFP)
سجن تنڈولکر ممکنہ طور پر اسی سیریز میں اپنا 200 واں ٹیسٹ کھیلیں گے (تصویر: AFP)

اس مرتبہ بھارت-ویسٹ انڈیز سیریز کی اہمیت اس لیے بہت زیادہ ہے کیونکہ عظیم بھارتی بلے باز سچن تنڈولکر کو اپنا ریکارڈ 200و اں ٹیسٹ اسی سیریز میں کھیلنے کا موقع ملے گا۔ یہی وجہ ہے کہ صرف ایک ماہ کا عرصہ رہ جانے کے باوجود سیریز کے مقامات کا اعلان ابھی تک نہیں کیا گیا۔

بہرحال، ویسٹ انڈیز، جس نے آخری مرتبہ 2011ء میں بھارت کا دورہ کیا تھا اور سیریز میں شکست کے باوجود ممبئی میں ایک سنسنی خیز مقابلے نے شائقین کو بہت محظوظ کیا لیکن اب ویسٹ انڈیز کے لیے بہت سخت مرحلہ ہے۔ اسے حال ہی میں پاکستان کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر ہونے والی شکستوں نے بے حال کر رکھا ہے اور ان حالات میں ٹیم کے حوصلے بلند کرنے کے لیے بھارت میں فتوحات ضروری ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ بھارت کا دورہ کرنے والی ویسٹ انڈیز 'اے' کے کپتان کرک ایڈورڈز کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

ایڈورڈز نے بھارت 'اے' کے خلاف تین مقابلوں میں 53 کے اوسط سے 159 رنز بنائے، جن میں ایک سنچری بھی شامل ہے اور بھارت میں کارکردگی ان کے انتخاب کا سبب بنی ہے۔ 2011ء میں بھارت ہی کے خلاف اپنے اولین ٹیسٹ میں سنچری بنانے والے ایڈورڈز اس کے بعد سے ناکامیوں کا منہ دیکھ رہے ہیں اور ان کے پاس اب بہترین موقع ہے کہ وہ بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کو منوائیں۔

ویسٹ انڈیز کو اگلے ماہ شروع ہونے والے دورۂ بھارت میں دو ٹیسٹ اور تین ایک روزہ مقابلے کھیلنے ہیں۔ پہلا ٹیسٹ 6 نومبر کو ہوگا جبکہ دوسرا مقابلہ 14 نومبر سے کھیلا جائے گا اور اسی مقابلے کے لیے ممبئی اور کولکتہ کے درمیان زبردست کھینچا تانی ہو رہی ہے۔ سچن جو اب تک 198 ٹیسٹ مقابلے کھیل چکے ہیں، ممکنہ طور پر دوسرے ٹیسٹ ہی میں 200 ٹیسٹ میچز کھیلنے کا ریکارڈ بنائیں گے اور اس میچ کی میزبانی اس وقت ممبئی اور بنگال کرکٹ ایسوسی ایشنز کے درمیان نزاع کی صورت اختیار کرگئی ہے۔

کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال کا موقف ہے کہ روٹیشن پالیسی کے تحت اب ٹیسٹ میچ کی میزبانی کی باری کولکتہ کی ہے اس لیے سچن کا 200 واں ٹیسٹ یہاں ہونا چاہیے جبکہ ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ سچن کو یہ تاریخی سنگ میل عبور کرنے کا موقع اپنے ہوم گراؤنڈ پر ملنا چاہیے۔

سیریز کے 3 ون ڈے مقابلے بالترتیب 21، 24 اور 27 نومبر کو ہوں گے۔

دو ٹیسٹ میچز کے لیے ویسٹ انڈیز کا دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا:

ڈیرن سیمی (کپتان)، ٹینو بیسٹ، چیڈوک والٹن، دنیش رام دین، ڈیرن براوو، شیلڈن کوٹیریل، شین شلنگ فرڈ، شیونرائن چندرپال، کرس گیل، کرک ایڈورڈز، کیرن پاول، کیمار روچ، مارلون سیموئلز، نارسنگھ دیونرائن اور ویراسیمی پرمال۔