روانگی میں صرف ڈیڑھ دن باقی لیکن ٹیم اعلان کا کچھ نہیں پتہ

0 1,019

پاکستان کرکٹ بورڈ کی منطق بھی نرالی ہے، کچھ اعلانات تو قبل از وقت کردیے جاتے ہیں اور چند معاملات کو یوں نظرانداز کردیا جاتا ہے جیسے وہ اہمیت ہی نہیں رکھتے۔ کچھ یہی صورتحال پاک-جنوبی افریقہ سیریز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے اعلان کے موقع پر پیش آ رہی ہے۔

مضبوط پوزیشن محمد حفیظ کو تو شاید ایک مرتبہ پھر بچا لے لیکن ٹاپ آرڈر کی خراب کارکردگی کا سارا نزلہ خرم منظور پر گرے گا (تصویر: AFP)
مضبوط پوزیشن محمد حفیظ کو تو شاید ایک مرتبہ پھر بچا لے لیکن ٹاپ آرڈر کی خراب کارکردگی کا سارا نزلہ خرم منظور پر گرے گا (تصویر: AFP)

متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانے والی اس اہم ترین سیریز کا آغاز اب ہفتے بھر کی بات ہے لیکن ٹیم کے اعلان کا ابھی تک کچھ نہیں پتہ۔

رواں سال کے اوائل میں جنوبی افریقہ کے خلاف اسی کی سرزمین پر تین-صفر کی ہزیمت سے دوچار ہونے والا پاکستانی اسکواڈ ابھی حال ہی میں زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے میں بھی ناکام ہوا ہے اور یہی وجہ ہے کہ بورڈ کے کرتا دھرتاؤں کو سخت امتحان سے قبل کھلاڑیوں کے انتخاب میں دشواری پیش آ رہی ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کو صرف ایک روز بعد یعنی 7 اکتوبر کو غیر ملکی ایئرلائن کے ذریعے لاہور سے متحدہ عرب امارات روانہ ہونا ہے یعنی سلیکشن کمیٹی کے پاس صرف آج اور کل کا دن بھی موجود ہے۔

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ٹیم کے اعلان میں تاخیر کا سب سے بڑا سبب اوپنر محمد حفیظ کے انتخاب کا معاملہ ہے جن کی حالیہ بدترین کارکردگی نے انہیں ٹیم سے اخراج کے دہانے پر پہنچا دیا ہے لیکن بورڈ میں چند حلقے ٹی ٹوئنٹی کپتان کی ٹیسٹ اسکواڈ میں شمولیت کے خواہاں ہیں اور یہی کھینچا تانی پاک-جنوبی افریقہ ٹیسٹ سیریز کے لیے ٹیم کے اعلان میں تاخیر کا سبب بن رہی ہے۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین ٹیسٹ سیریز کا آغاز 14 اکتوبر سے ابوظہبی میں پہلے ٹیسٹ میچ سے ہوگا جس کے بعد دونوں ٹیمیں دبئی اور شارجہ میں دو مزید ٹیسٹ میچز کھیلیں گی۔