مصباح کا متبادل کوئی نہیں، کپتانی سے نہیں ہٹایا جاسکتا: نجم سیٹھی

0 1,062

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی نے اعتراف کیا ہے کہ قومی ٹیسٹ اور ایک روزہ کپتان مصباح الحق کا کوئی متبادل موجود نہیں اور کہا کہ مصباح کو آخر کیسے ہٹائیں؟ ان کا کوئی متبادل نہیں، ان جیسی قائدانہ صلاحیتیں اور کارکردگی میں تسلسل کسی کے پاس نہیں، تکنیکی طور پر محمد حفیظ ان کے نائب ہیں لیکن ان کی اپنی کارکردگی پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔

جیسی قائدانہ صلاحیتیں اور کارکردگی میں تسلسل کسی کے پاس نہیں، نجم سیٹھی (تصویر: AFP)
جیسی قائدانہ صلاحیتیں اور کارکردگی میں تسلسل کسی کے پاس نہیں، نجم سیٹھی (تصویر: AFP)

متحدہ عرب امارات میں پاک-جنوبی افریقہ ٹیسٹ سیریز کے لوگو کی تقریب رونمائی کے موقع پر نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں طویل المیعاد کپتان کسی ٹیم کے پاس نہیں، ہر کپتان کا تقرر ہمیشہ دو یا تین سیریز کے لیے ہوتا ہے اور یہی طریقہ کار پاکستان میں رائج ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے سلیکٹرز اور بورڈ عہدیداران پر واضح کر دیا ہے کہ اگر ہمیں مستقبل میں ایک فاتح ٹیم تشکیل دینی ہے تو پھر چند شکستوں کو بھلا دینا ہوگا، سب جانتے ہیں کہ ٹیم میں شامل نوجوان باصلاحیت ہیں لیکن انہیں بار بار مواقع دینا ہوں گے۔ ایک دو بار ناکام ہونے کے بعد وہ دباؤ برداشت کرنے کے قابل ہوں گے اور پھر فتح گر کھلاڑی بنیں گے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کوچ کے حوالے سے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ان کے حوالے سے فی الحال بات نہیں کرسکتا، انہوں نے آگے ایک سخت سیریز کھیلنی ہے اور اس سے قبل میں کوئی بات کرکے انہیں دباؤ میں نہیں لانا چاہتا۔ وہ پہلے ہی سعید اجمل کے بیان پر کافی پریشان ہوگئے تھے لیکن بعد ازاں معافی تلافی کے ساتھ معاملہ ٹھنڈا پڑ گیا۔

چیئرمین کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ ٹیم کا مورال بلند کرنے کے لیے کھلاڑیوں کو ماہر نفسیات سے ملوایا گیا ہے، جس نے کھلاڑیوں کو قیمتی ہدایات دی ہیں۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے میں ناکامی کے بعد ذرائع ابلاغ نے ہمیں گریبان سے پکڑ لیا ہے، لیکن ہمیں یہ بات سمجھنی چاہیے جیت کے لیے ہمیں طویل المیعاد منصوبہ بندی کرنا ہوگی۔

پاک-جنوبی افریقہ ٹیسٹ سیریز کا آغاز 14 اکتوبر کو ابوظہبی میں پہلے ٹیسٹ سے ہو رہا ہے، جس کے لیے قومی ٹیم کا اعلان آج کیا جاچکا ہے۔