ٹیسٹ اسکواڈ میں احمد شہزاد، شان مسعود اور اسد شفیق شامل

2 1,020

پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے اپنے 12 رکنی دستے میں مزید تین کھلاڑیوں کو شامل کردیا ہے۔ سہ روزہ سائیڈ میچ میں حصہ لینے والے اوپنرز احمد شہزاد اور شان مسعود اور اسد شفیق کو بقیہ تین جگہیں پر کرنے کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

تین کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان جنوبی افریقہ کے خلاف پاکستان 'اے' کے میچ کے بعد کیا گیا ہے (تصویر: PCB)
تین کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان جنوبی افریقہ کے خلاف پاکستان 'اے' کے میچ کے بعد کیا گیا ہے (تصویر: PCB)

نوجوان احمد شہزاد اور شان مسعود نے آج تک ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی نہیں کی ہے اور ان میں سے کم از کم کسی ایک کو تو جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شرکت کا موقع ملے گا ہی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیم کی متحدہ عرب امارات روانگی سے قبل 12 رکنی دستے کا اعلان کیا تھا اور بقیہ تین کھلاڑیوں کی شمولیت سائیڈ میچ میں کارکردگی سے مشروط کردی۔

شارجہ میں ہونے والے اس سائیڈ میچ میں پاکستان 'اے' کی واحد اننگز میں شان مسعود، احمد شہزاد اور اظہر علی نے نصف سنچریاں بنائیں جبکہ اسد شفیق 42 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان 'اے' جنوبی افریقہ کے 354 رنز کے جواب میں پہلی اننگز میں 311 رنز بنانے میں کامیاب رہا۔

احمد شہزاد اب تک 27 ایک روزہ اور 15 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں البتہ شان مسعود کو آج تک بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کا موقع نہیں ملا۔ تاہم دونوں کھلاڑیوں نے پاکستان کی طرف سے اب تک کوئی ٹیسٹ مقابلہ نہیں کھیلا۔

پاکستان و جنوبی افریقہ کے مابین ٹیسٹ سیریز کا پہلا مقابلہ 14 اکتوبر سے ابوظہبی میں ہوگا۔ سیریز کے لیے اعلان کردہ 15 رکنی قومی دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:

مصباح الحق (کپتان)، احمد شہزاد، اسد شفیق، اظہر علی، جنید خان، خرم منظور، ذوالفقار بابر، راحت علی، سعید اجمل، شان مسعود، عبد الرحمٰن، عدنان اکمل، عمر امین، محمد عرفان اور یونس خان۔