دلشان بھی ٹیسٹ کرکٹ چھوڑ گئے

ایک جانب جہاں ہندوستان میں عظیم بلے باز سچن نے ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کا اعلان کیا تو وہیں بحر ہند کے جزیرے سری لنکا میں سابق کپتان تلکارتنے دلشان ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہہ گئے۔

سری لنکن دارلحکومت کولمبو میں ایک نیوز کانفرنس کے دوران دلشان نے ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کو ٹیسٹ کے مواقع دینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ مشکل ضرور تھا لیکن یہ میرے اور ملک دونوں کے مفاد میں ہے اور پاکستان اور بنگلہ دیش کے خلاف آنے والی سیریز بہترین موقع ہوگی کہ کسی نئے کھلاڑی کو ٹیسٹ کرکٹ میں آزمایا جائے تاکہ وہ اپنا مقام مضبوط کرے اور اگلے سال انگلستان کے مشکل دورے سے قبل تیار ہو جائے۔ دلشان نے کہا کہ ان کا یہ فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔
36 سالہ دلشان نے اپنے 14 سالہ ٹیسٹ کیریئر میں 87 ٹیسٹ میچز میں 40.98 کے اوسط سے 5492 رنز بنائے، جس میں 16 سنچریوں کے ساتھ ان کا بہترین انفرادی اسکور 193 رنز رہا۔
اب دلشان طویل طرز کی کرکٹ میں تو نظر نہیں آئیں گے لیکن وہ ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بدستور جلوہ گر ہوتے رہیں گے اور شائقین کرکٹ ان کے 'دل اسکوپ' سے محظوظ ہوتے رہیں گے۔