پاکستان نے پریکٹس میچ میں عرب امارات کو زیر کرلیا

1 1,064

عالمی نمبر ایک جنوبی افریقہ کا مقابلہ کرنے سے قبل 'لہو گرم' کرنے کے لیے کھیلے گئے متحدہ عرب امارات کے خلاف دو روزہ مقابلے میں پاکستان نے 127 رنز سے فتح حاصل کرلی۔

یونس خان کی سنچری نے ان کی بھرپور فارم کی عکاسی کی (تصویر: AFP)
یونس خان کی سنچری نے ان کی بھرپور فارم کی عکاسی کی (تصویر: AFP)

ابوظہبی میں ہونے والے مقابلے میں پاکستان کے 317 رنز کے جواب میں متحدہ عرب امارات محض 190 رنز بنا سکا۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے یونس خان کے 103، عدنان اکمل کے 71 اور عبد الرحمٰن کے 52 رنز کی بدولت 317 رنز کا مجموعہ اکٹھا کیا۔

جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے جس اوپنر کی جگہ پکی سمجھی جا رہی ہے، یعنی خرم منظور، دو باریوں میں بھی متاثر نہ کر سکے۔ پہلے اوپنر کی حیثیت سے وہ صرف ایک بنا سکے اور بعد ازاں مڈل آرڈر میں دوبارہ آ کر بھی 26 رنز ہی جوڑ پائے۔

بہرحال تعاقب میں متحدہ عرب امارات پاکستان کی مضبوط باؤلنگ لائن کی تاب نہ لا سکا اور محمد عرفان کی 4 اور سعید اجمل اور ذوالفقار بابر کی3،3 وکٹوں کی وجہ سے 190 رنز پر ڈھیر ہوگیا۔

اس تربیتی مقابلے کے بعد اب پاکستان کا سامنا ٹیسٹ کرکٹ کی نمبر ایک ٹیم جنوبی افریقہ سے پہلے ٹیسٹ میں ہوگا جو 14 اکتوبر کو ابوظہبی کے شیخ زاید اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔