پہلے ٹیسٹ کے لیے پاکستان و جنوبی افریقہ کی تیاریاں کل سے شروع
پاکستان اور جنوبی افریقہ دونوں نے سائیڈ میچز میں اپنی اپنی صلاحیتوں کو پرکھ لیا، خامیاں اور خوبیاں بھی دیکھ لی گئی ہیں اور اب ایک دوسرے کے خلاف حکمت عملی طے کرنے کا وقت آ چکا ہے۔
اسی مقصد کے حصول کے لیے کل سے دونوں ٹیمیں ایک مرتبہ پھر میدانوں کا رخ کریں گے تاکہ پیر 14 اکتوبر سے شروع ہونے والی پہلے ٹیسٹ کی بھرپور تیاری کی جا سکے۔
دونوں ٹیموں نے کل سے نیٹ پریکٹس سیشنز طے کر رکھے ہیں اور جنوبی افریقہ نے پہلے کی طرح اس مرتبہ بھی اپنا سیشن دوپہر میں رکھا ہے تاکہ خود کو موسم کا زیادہ سے زیادہ عادی بنا سکیں۔ پروٹیز اسکواڈ کل صبح 10 سے دوپہر 12 بجے تک شیخ زاید اسٹیڈیم میں مشقیں کرے گا جس کے بعد دوپہر تین بجے پاک-جنوبی افریقہ ٹیسٹ سیریز کی ٹرافی کی رونمائی ہوگی۔ جس کے بعد پاکستان شام پانچ بجے تک نیٹ سیشن میں حصہ لے گا۔
لیکن اگلے دن یعنی اتوار کو پاکستان کو نیٹ سیشن کا موقع پہلے ملے گا اور وہ صبح 10 بجے کھیلے گا جبکہ شام کے سیشن میں جنوبی افریقہ کے کھلاڑی 3 سے 5 بجے تک تیاریاں کریں گے۔
دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا آغاز پیر سے شیخ زاید اسٹیڈیم میں پہلے ٹیسٹ مقابلے ہی سے ہوگا۔