جنوبی افریقہ کی جانب سے مضبوط ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا اعلان

0 1,023

جنوبی افریقہ نے پاکستان کے خلاف اگلے ماہ دو ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کی سیریز کے لیے اپنے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔

ہاشم آملہ ایک سال سے زیادہ عرصے کے بعد کوئی ٹی ٹوئنٹی مقابلہ کھیلیں گے (تصویر: AP)
ہاشم آملہ ایک سال سے زیادہ عرصے کے بعد کوئی ٹی ٹوئنٹی مقابلہ کھیلیں گے (تصویر: AP)

دو ٹیسٹ اور 5 ایک روزہ مقابلے کے کھیلنے کے بعد دونوں ٹیمیں اگلے ماہ کے اوسط میں کرکٹ کی مختصر ترین طرز میں آمنے سامنے ہوں گی۔ جس کے لیے جنوبی افریقہ نے تجربہ کار بلے باز ہاشم آملہ کو طلب کیا ہے تاکہ وہ پاکستان کے گیندبازوں سے نمٹنے میں مدد دے سکیں جبکہ پاکستان کے بلے بازوں کی خبر لینے کے لیے تیز باؤلر ڈیل اسٹین کو بھی واپس بلالیا گیا ہے۔

ٹیم کی قیادت بدستور نئے کپتان فف دو پلیسی کے پاس ہوگی جبکہ اسکواڈ میں پاکستانی نژاد عمران طاہر بھی شامل ہیں۔

دو میچز کی سیریز کا پہلا مقابلہ 13 نومبر کو دبئی میں جبکہ دوسرا و آخری مقابلہ 15 نومبر کو اسی میدان پر ہوگا۔

واضح رہے کہ پاکستان ٹی ٹوئنٹی کی عالمی درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر ہے اور اس طرز کی کرکٹ میں پاکستان کو زیر کرنے کے لیے جنوبی افریقہ کو واقعی بہت مضبوط اسکواڈ کی ضرورت پڑے گی۔

اعلان کردہ ٹی ٹوئنٹی دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:

فف دو پلیسی (کپتان)، آرون فانگیسو، ابراہم ڈی ولیئرز، ڈیل اسٹین، ڈیوڈ ملر، ڈیوڈ ویز، راین میک لارن، ژاں پال دومنی، عمران طاہر، کوئنٹن ڈی کوک، لونوابو سوٹسوبے، مورنے مورکل، ہاشم آملہ، ہنری ڈیوڈز اور وین پارنیل۔