سچن آخری ٹیسٹ ممبئی میں کھیلیں گے

0 1,053

بالآخر کھینچا تانی کا خاتمہ ہوا اور عظیم بلے باز سچن تنڈولکر کے کیریئر کے ریکارڈ 200 ویں اور آخری ٹیسٹ کی میزبانی ان کے آبائی شہر ممبئی کو مل گئی۔

سچن کی درخواست پر میزبانی ممبئی کو ملے گی: ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن (تصویر: BCCI)
سچن کی درخواست پر میزبانی ممبئی کو ملے گی: ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن (تصویر: BCCI)

سچن تنڈولکر نے چند روز قبل ہی اعلان کیا تھا کہ وہ اپنا 200 واں ٹیسٹ کھیلنے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کو بھی خیرباد کہہ دیں گے۔ بھارت کے اگلے دو ٹیسٹ مقابلے ویسٹ انڈیز کے دورۂ ہندوستان میں کھیلے جائیں گے جس کا 14 نومبر سے کھیلا جانے والا دوسرا ٹیسٹ ممکنہ طور پر سچن کا آخری مقابلہ ہوگا جو اب تک 198 ٹیسٹ میچز کھیل چکے ہیں۔

سیریز کے دوسرے و آخری ٹیسٹ کی میزبانی کے لیے کولکتہ کے ایڈن گارڈنز اور ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم کے مابین رسہ کشی کافی دنوں سے جاری تھی۔ کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال کا کہنا تھا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کی ٹیسٹ میچز کی میزبانی کے لیے اختیار کی گئی روٹیشن پالیسی کے تحت باری ایڈن گارڈنز کی ہے، اس لیے میزبانی اسی کو دی جائے جبکہ ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ سچن کا آخری ٹیسٹ مقابلہ ان کے ہوم گراؤنڈ پر ہونا چاہیے۔

اس سلسلے میں معلوم ہوا ہے کہ سچن نے بھارتی کرکٹ بورڈ سے درخواست کی تھی کہ وہ اپنا 200 واں مقابلہ ممبئی میں کھیلنا چاہتے ہیں اور ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر روی ساونت کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے ان کی درخواست قبول کر کے بھارت-ویسٹ انڈیز دوسرے ٹیسٹ کی میزبانی وانکھیڑے کو سونپ دی ہے۔

اس فیصلے کا حتمی و باضابطہ اعلان منگل کو بھارتی کرکٹ بورڈ کی پروگرام کمیٹی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔