[ریکارڈز] ذوالفقار بابر ٹیسٹ کیریئر شروع کرنے والے تیسرے عمر رسیدہ ترین پاکستانی کھلاڑی

0 1,066

پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف ابوظہبی میں جاری پہلے ٹیسٹ میں دو کھلاڑیوں کو اپنے ٹیسٹ کیریئر کی شروعات کا موقع دیا۔ ایک بائیں ہاتھ سے اسپن گیندبازی کرنے والے ذوالفقار بابر اور دوسرے اوپنر شان مسعود۔ اس طرح پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کیپ ملنے والے کھلاڑیوں کی تعداد 215 ہوگئی ہے۔

میراں بخش اور امیر الٰہی پاکستان کی جانب سے سب سے طویل عمر میں پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے کھلاڑی ہیں (تصویر: WICB)
میراں بخش اور امیر الٰہی پاکستان کی جانب سے سب سے طویل عمر میں پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے کھلاڑی ہیں (تصویر: WICB)

ان دونوں کھلاڑیوں کے ٹیسٹ کیریئر کے آغاز کے حوالے سے دو دلچسپ باتیں ہیں۔ ایک تو شان مسعود کو اپنی سالگرہ کے دن پہلا ٹیسٹ کھیلنے کا موقع دیا گیا ہے۔ حبیب بینک سے تعلق رکھنے والے شان مسعود آج اپنی 24 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ وہ 1989ء میں آج ہی کے دن کویت میں پیدا ہوئے تھے۔ انہیں 56 فرسٹ کلاس میچز میں تقریباً 35 کے اوسط کے ساتھ رنز بنانے اور جنوبی افریقہ کے خلاف پاکستان 'اے' کی جانب سے نصف سنچری بنانے پر ٹیسٹ میں موقع دیا گیا ہے۔

ان کے علاوہ ذوالفقار بابر کو بھی ابوظہبی میں ٹیسٹ کیپ دی گئی ہے۔ 34 سال 308 دن کی عمر میں اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے 'ذولفی' پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ ڈيبیو کرنے والے تیسرے عمر رسیدہ ترین کھلاڑی بن گئے ہیں۔

پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ عمر میں پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے کھلاڑی میراں بخش تھے جنہیں 47 سال 284 دن کی عمر میں ڈیبیو کرنے کا موقع ملا۔ انہوں نے فروری 1955ء میں بھارت کے خلاف لاہور ٹیسٹ سے اپنے کیریئر کا آغاز کیااوراسی سیریز کا پشاور ٹیسٹ ان کا دوسرا و آخری ٹیسٹ میچ تھا۔ جبکہ امیر الٰہی نے 45 سال 44 دن کی عمر میں پاکستان کی جانب سے اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلا۔ گو کہ تقسیم ہند سے قبل وہ بھارت کی جانب سے 39 سال کی عمر میں اپنا پہلا ٹیسٹ کھیل چکے تھے تاہم پاکستان کی جانب سے انہیں اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلنے کا موقع 45 ویں سالگرہ منانے کے بعد ملا۔

63 فرسٹ کلاس میچز میں 20.36 کے شاندار اوسط سے 309 وکٹیں لینے والے ذوالفقار بابر حال ہی میں پاکستان کی جانب سے 3 ٹی ٹوئنٹی مقابلے کھیل چکے ہیں۔