عالمی درجہ بندی، مصباح کیریئر کی بہترین پوزیشن پر

0 1,023

پاک-جنوبی افریقہ پہلا ٹیسٹ مکمل ہونے کے بعد بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تازہ ترین درجہ بندی جاری کردی ہے جس کے مطابق پاکستان کے بلے باز مصباح الحق اپنے کیريئر کی بہترین پوزیشن یعنی ساتویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار دیے گئے خرم منظور نے بھی درجہ بندی میں لمبی چھلانگ لگائی ہے۔ دوسری جانب 90 رنز کے ذریعے جنوبی افریقہ کو اننگز کی شکست سے بچانے والے ابراہم ڈی ولیئرز بھی بلے بازوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔

جنوبی افریقہ کے چھ بلے باز آؤٹ کرنے کے باوجود سعید اجمل کی درجہ بندی میں بہتری نہیں آئی (تصویر: AFP)
جنوبی افریقہ کے چھ بلے باز آؤٹ کرنے کے باوجود سعید اجمل کی درجہ بندی میں بہتری نہیں آئی (تصویر: AFP)

تازہ ترین عالمی درجہ بندی کے مطابق ابوظہبی میں 100 اور 28 رنز کی باریاں کھیلنے والے مصباح الحق 5 درجے ترقی کے بعد بارہویں سے ساتویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ وہ یونس خان کے بعد دنیا کے دس بہترین بلے بازوں کی فہرست میں شامل ہونے والے دوسرے بیٹسمین ہیں۔ یونس خان بدستور چھٹے نمبر پر براجمان ہیں۔ ان کے علاوہ ٹاپ 20 میں موجود تیسرے پاکستانی بلے باز اظہر علی مستقل ناقص کارکردگی کے بعد بالآخر اس فہرست سے خارج ہوگئے ہیں اور اکیسویں نمبر پر جا پہنچے ہیں۔

مرد میدان قرار پانے والے خرم منظور پہلی اننگز میں 146 رنز بنانے کے بعد 45 درجے کی لمبی جست لگا کر 52 ویں نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ نصف سںچری کی بدولت اسد شفیق کی درجہ بندی میں بھی بہتری آئی ہے اور وہ پچیسویں نمبر پر آن پہنچے ہیں۔

ٹیسٹ بلے بازوں کی فہرست میں جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ بدستور پہلے نمبر پر ہیں جنہوں نے پہلی اننگز میں ایک شاندار سنچری بنائی تھی جبکہ ابراہم ڈی ولیئرز کے بعد ویسٹ انڈیز کے شیونرائن چندرپال موجود ہیں۔

دوسری جانب گیند بازوں پر نظر ڈالیں تو ابوظہبی میں 6 حریف بلے بازوں کو ٹھکانے لگانے کے باوجود سعید اجمل کی رینکنگ میں بہتری نہیں ہوئی، وہ بدستور چوتھے نمبر پر ہیں البتہ جنید خان چار وکٹیں لینے کے بعد 10 درجے پھلانگ کر 22 ویں نمبر پر ضرور پہنچ گئے ہیں۔

گیندبازوں میں بھی جنوبی افریقہ ہی کے کھلاڑیوں کو برتری حاصل ہے۔ ڈیل اسٹین نمبر ایک اور ویرنن فلینڈر نمبر دو پر موجود جبکہ سری لنکا کے رنگانا ہیراتھ تیسری پوزیشن پر ہیں۔

مجموعی طور پر ٹیم درجہ بندی میں پاکستان کو اس فتح سے بہت فائدہ ہوا ہے۔ زمبابوے کے خلاف ہرارے ٹیسٹ میں شکست کے بعد چوتھے سے چھٹے نمبر پر جا پڑنے والا پاکستان اب دوبارہ اپنی چوتھی پوزیشن پکی کرچکا ہے تاہم اس کا باضابطہ اعلان دوسرے ٹیسٹ کے اختتام کے بعد ہوگا۔