جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز پاکستانی ٹیم کا اعلان

2 1,042

پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقہ کے خلاف ایک روزہ سیریز کے لیے 16 رکنی دستے کا اعلان کر دیا ہے۔

اس اعلان سے عمر اکمل کے کیریئر پر چھائے کالے بادل چھٹ چکے ہیں (تصویر: AFP)
اس اعلان سے عمر اکمل کے کیریئر پر چھائے کالے بادل چھٹ چکے ہیں (تصویر: AFP)

سلیکشن کمیٹی نے عمر اکمل اور وہاب ریاض کو ایک مرتبہ پھر طلب کیا ہے۔ یوں عمر اکمل کے بارے میں تمام خدشات کا خاتمہ ہو گیا ہے۔ گزشتہ ماہ ویسٹ انڈیز میں طبیعت کی ناسازی کے بعد عمر اکمل کو اچانک وطن واپس طلب کرلیا گیا تھا اور ان کے بارے میں ایسی اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ وہ مرگی کے مریض ہیں۔ گو کہ ان کی ٹیسٹ رپورٹوں سے ایسا کچھ ثابت نہیں ہوا اور بالآخر عمر کو کلیئر قرار دیا گیا لیکن اسی وجہ سے وہ دورۂ زمبابوے کے لیے منتخب نہيں ہو سکے۔ اب جبکہ اس معاملے کی گرد چھٹ چکی ہے تو انہیں جنوبی افریقہ کے خلاف ایک روزہ سیریز کے لیے شامل کرلیا گیا ہے۔

دوسری جانب دورۂ ویسٹ انڈیز میں ناکامی کا سامنا کرنے اور اس کے بعد زمبابوے کے لیے ٹیم سے خارج ہونے والے وہاب ریاض کو بھی ایک مرتبہ پھر بلا لیا گیا ہے۔ غالباً اس کی وجہ پاکستان کے باؤلنگ دستے کے توازن کو بہتر بنانا ہے جو ٹیسٹ سیریز میں تو اسپن گیندبازوں کی جانب جھکا ہوا ہے۔

پاکستان نے حارث سہیل کو نکال کر ان کی جگہ ملتان سے تعلق رکھنے والے صہیب مقصود کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔ صہیب نے حالیہ دورۂ زمبابوے میں دو ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز اس وقت ٹیسٹ مرحلے میں ہے جہاں ابوظہبی میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ پاکستان کے نام رہا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 23 اکتوبر سے دبئی میں کھیلا جائے گا۔ ایک روزہ سیریز کا آغاز 30 اکتوبر کو شارجہ میں پہلے ون ڈے سے ہوگا جبکہ 11 نومبر تک دونوں ممالک 5 ون ڈے مقابلے کھیلیں گے۔

اعلان کردہ دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:

مصباح الحق (کپتان)، احمد شہزاد، اسد شفیق، جنید خان، سرفراز احمد، سعید اجمل، سہیل تنویر، شاہد آفریدی، صہیب مقصود، عبد الرحمٰن، عمر اکمل، عمر امین، محمد حفیظ، محمد عرفان، ناصر جمشید اور وہاب ریاض۔