واٹمور کے جانے سے پہلے ہی معین خان نے ذمہ داریاں سنبھال لیں

پاکستان کے ہیڈ کوچ ڈیو واٹمور کے عہدے کے برقرار رہنے کی موہوم سی امیدیں بھی جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے نتیجے سے ختم ہوچکی ہیں اور اب ایسا لگتا ہے کہ انہوں نے بھی نوشتہ دیوار پڑھ لیا ہے۔ ٹیم مینیجر معین خان ممکنہ طور پر ان کے جانشیں ہوں گے اور متحدہ عرب امارات میں انہوں نے بتدریج ذمہ داریوں کو سنبھالنا شروع کر دیا ہے۔

سابق کپتان معین خان قومی ٹیم کے تربیتی سیشنز میں ڈیو واٹمور سے زیادہ فعال نظر آ رہے ہیں اور باؤلنگ، بیٹنگ یا فیلڈنگ تینوں میں وہی متحرک نظر آ رہے ہیں۔
اسی طرح موقع شناس کھلاڑیوں نے بھی حالات کو بھانپ لیا ہے، اور وہ ڈیو واٹمور کو نظر انداز کرکے معین خان کی جی حضور کر رہے ہیں۔
ٹیم ذرائع کا کہنا ہے کہ آج کل ٹیم اجلاسوں سے لے کر نیٹ سیشنز اور میچ کی حکمت عملی مرتب کرنے تک، تمام امور میں معین خان حاوی نظر آتے ہیں اور ٹیم کے سینئر کھلاڑی ان سے بہترین تعاون کر رہے ہیں۔
ٹیم کے بعض اراکین معین خان سے اس لیے قربت اختیار کرنا چاہتے کیونکہ ان پر عیاں ہو چکا ہے کہ نجم سیٹھی چاہے عدالت کچہری کے چکروں ہی میں کیوں نہ ہوں، معین خان کی فہرست میں سب سے آگے ہیں اور ٹیم کے آئندہ معاملات کے لیے معین کا ووٹ بہت اہمیت کا حامل ہوگا ۔