نیوزی لینڈ ایک اور کلین سویپ کے دہانے پر، بنگلہ دیش کی ایک اور تاریخی فتح

0 1,042

2010ء کے دورۂ بنگلہ دیش میں کلین سویپ کی ہزیمت سے دوچار ہونے والا نیوزی لینڈ ایک مرتبہ پھر اسی سرزمین پر ان چاہی تاریخ دہرا رہا ہے۔ جی ہاں، بنگلہ دیش نے نیوزی لینڈ کو دوسرے ون ڈے میں باآسانی 40 رنز سے شکست دے کر سیریز دو-صفر سے جیت لی ہے جبکہ ایک مقابلہ ابھی باقی ہے، یعنی ایک اور کلین سویپ نیوزی لینڈ کا منتظر ہے۔

ٹم ساؤتھی کے بولڈ ہوتے ہی ایک اور یادگار سیریز جیت بنگلہ دیش کی جھولی میں آ گئی (تصویر: AFP)
ٹم ساؤتھی کے بولڈ ہوتے ہی ایک اور یادگار سیریز جیت بنگلہ دیش کی جھولی میں آ گئی (تصویر: AFP)

میرپور، ڈھاکہ کے شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے دوسرے ون ڈے میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور اوپنرز شمس الرحمٰن اور تمیم اقبال کی 63 رنز کی عمدہ شراکت داری کو بنیاد بناتے ہوئے 247 رنز بنانے میں کامیاب ہوا۔ تجربہ کار تمیم اقبال 58 رنز کے ساتھ سب سے نمایاں بلے باز رہے جبکہ مڈل آرڈر میں کپتان مشفق الرحیم اور مومن الحق نے 31، 31 اور آخری لمحات میں سہاگ غازی نے 26 رنز بنائے۔ بنگلہ دیش پورے 50 اوورز کھیلنے میں ناکام رہا اور ٹیم 49 اوورز کے اختتام پر ہی آل آؤٹ ہوگئی۔ لیکن 247 رنز حالات اور وکٹ کو دیکھتے ہوئے ایک اچھا مجموعہ تھا، جو بعد ازاں ثابت بھی ہوا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے جیمز نیشام اور کوری اینڈرسن نے 4،4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایک، ایک کھلاڑی کو کائل ملز اور ناتھن میک کولم نے آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ ابتداء ہی سے مشکلات کا شکار ہوا۔ پچھلے مقابلے میں ہیٹ ٹرک کرکے بنگلہ دیش کو یادگار کامیابی دلانے والے روبیل حسین تو ناکام ثابت ہوئے لیکن مشرفی مرتضیٰ اور سہاگ غازی کی قیمتی وکٹوں نے بنگلہ دیش کو ہدف کا دفاع کرنے کی پوزیشن میں لا کھڑا کیا۔ بنگلہ دیش کے لیے واحد تشویشناک لمحہ وہ تھا جب کوری اینڈرسن اور روز ٹیلر کے درمیان چوتھی وکٹ پر شراکت داری 61 رنز تک جا پہنچی لیکن 37 رنز بنانے والے اینڈرسن کے آؤٹ ہوتے ہی معاملہ آسان سے آسان تر ہوتا چلا گیا۔ کچھ ہی دیر میں برینڈن میک کولم قیمتی ترین وکٹ تھما گئے۔ پھر وکٹ کیپر ٹام لیتھم اور جیمز نیشام کے بعد نیوزی لینڈ کی واحد امید بھی ٹیلر کے ساتھ ختم ہوئی۔ پوری ٹیم 47 ویں اوور میں 207 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

بنگلہ دیش نے بہت عمدہ باؤلنگ کی۔ مشرفی نے ہمیش ردرفرڈ اور کوری اینڈرسن کی وکٹیں حاصل کیں تو سہاگ غازی نے اپنے 10 اوورز میں صرف 34 رنز دے کر انتون ڈیوکچ، روز ٹیلر اور جیمز نیشام کو آؤٹ کیا۔ ان کے علاوہ مومن الحق نے بھی صرف 13 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں ، اور وہ بھی خطرناک میک کولم برادران کی۔ ایک وکٹ عبد الرزاق کو ملی۔

سہاگ غازی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

سیریز کا تیسرا و فیصلہ کن ایک روزہ مقابلہ 3 نومبر کو فتح اللہ میں کھیلا جائے گا۔