دیوالی پر دھماکہ خیز اننگز، روہیت کی ڈبل سنچری

0 1,072

دیوالی کے دن آپ کس چیز کی توقع رکھتے ہیں؟ پٹاخوں، دھماکوں اور آتش بازی کی اور آج ہی روہیت شرما نے دھماکہ خیز اننگز کھیل کر آسٹریلیا کو بھی یہ نظارہ دکھا ہی دیا۔ بنگلور کے چناسوامی اسٹیڈیم جاری بھارت-آسٹریلیا ساتویں و آخری ون ڈے میں کچھ یہی ہوا جہاں روہیت شرما نے ڈبل سنچری داغ کر تاریخ کے عظیم بلے بازوں میں اپنا نام لکھوا لیا۔

بھارت کے ان فارم اور بہترین بلے باز ویراٹ کوہلی کے صفر پر آؤٹ ہونے کے بعد آسٹریلیا سمجھ رہا ہوگا کہ آج کچھ بچت ہوجائے گی لیکن روہیت شرما نے صرف 158 گیندوں پر 209 رنز بنا کر نہ صرف آسٹریلیا کی توقعات پر پانی پھیر دیا بلکہ کئی ریکارڈز بھی اپنے نام کرلیے۔ انہوں نے ایک روزہ کرکٹ تاریخ کی دوسری سب سے بڑی انفرادی اننگز اپنے نام کی، جبکہ ہم وطن وریندر سہواگ اور سچن تنڈولکر کے بعد تاریخ میں ون ڈے ڈبل سنچری بنانے والے تیسرے بلے باز بھی بنے۔

اس وقت ایک روزہ کرکٹ میں سب سے بڑی اننگز کھیلنے کا اعزاز بھارت ہی کے وریندر سہواگ کے پاس ہے جنہوں نے دسمبر 2011ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اندور میں 219 رنز بنائے تھے جبکہ تاریخ کی پہلی ڈبل سنچری عظیم بلے باز سچن تنڈولکر نے فروری 2010ء میں جنوبی افریقہ کے خلاف اسکور کی تھی۔

علاوہ ازیں روہیت شرما نے کسی انفرادی اننگز میں سب سے زیادہ چھکے مارنے کا نیا عالمی ریکارڈ بھی قائم کاا۔ ان کی اننگز 16 چھکوں سے مزین تھیں۔ یوں آسٹریلیا کے شین واٹسن کا سب سے زیادہ 15 چھکے لگانے کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ انہوں نے اسی دھواں دار اننگز کے دوران سال میں 1000 رنز اور کیریئر میں 3000 ہزار رنز کے سنگ ہائے میل بھی عبور کیے۔

روہیت نے آخری اوور کی پہلی گیند کو کلنٹ میک کے کو ایک زبردست چھکا رسید کرکے اپنی ڈبل سنچری مکمل کی اور اگلی ہی گیند کو ایک مرتبہ پھر چھکے کی راہ دکھائی۔ تیسری گیند پر وہ آؤٹ ہوگئے لیکن تب تک وہ تاریخ رقم کر چکے تھے۔ انہوں نے سنچری مکمل کرنے کے بعد ڈبل سنچری تک پہنچنے میں صرف 42 گیندیں استعمال کیں۔

ایک روزہ میں ڈبل سنچری بنانے والے بلے باز

بلے باز ملک رنز گیندیں چوکے چھکے اسٹرائیک ریٹ بمقابلہ بمقام بتاریخ
سچن تنڈولکر بھارت 200* 147 25 7 136.05 جنوبی افریقہ گوالیار 24 فروری 2010ء
وریندر سہواگ بھارت 219 149 25 7 146.97 ویسٹ انڈیز اندور 8 دسمبر 2011ء
روہیت شرما بھارت 209 158 12 16 132.27 آسٹریلیا بنگلور 2 نومبر 2013ء