[ریکارڈز] ایک مقابلے میں سب سے زیادہ چھکے
کمبھ کے میلے کے بعد بھارت کا دوسرا سب سے بڑا میلہ یعنی 'رنز میلہ' اپنے اختتام کو پہنچا۔ 7 ایک روزہ مقابلوں میں صرف 5 مقابلے ہی مکمل ہو پائے جس میں رنزوں کے انبار لگ گئے۔ کئی ریکارڈ ٹوٹے اور آخری مقابلے میں بھی دھواں دار بلے بازی کا مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔ خاص طور پر روہیت شرما کی ڈبل سنچری اننگز نے ہندوستان میں دیوالی کی خوشیوں کو دوبالا کردیا۔
روہیت شرما نے 158 گیندوں پر مشتمل 209 رنز کی اننگز میں ریکارڈ 16 چھکے لگائے جو آج تک دنیا کا کوئی بلے باز کسی ایک روزہ مقابلے کی واحد اننگز میں نہیں لگا سکا۔ روہیت سے قبل یہ ریکارڈ آسٹریلیا کے شین واٹسن کے پاس تھا، جو اس مقابلے میں جارحانہ موڈ میں نظر تو آئے لیکن اپنی انجری اور مقابلہ ہاتھ سے نکل جانے کے باعث بھارت کے لیے کچھ خاص خطرہ ثابت نہ ہو سکے۔
روہیت شرما نے اپنی ڈبل سنچری بھی چھکے کے ذریعے مکمل کی اور یہ چھکا ریکارڈ برابر کرنے کا چھکا تھا اور اگلی ہی گیند کو انہوں نے ایک مرتبہ پھر ڈیپ مڈوکٹ باؤنڈری سے باہر جا پھینکا۔ گو کہ وہ آخری اوور کی تیسری گیند پر آؤٹ ہوگئے لیکن ان دونوں چھکوں نے تاریخ میں ان کا نام امر کردیا ہے۔
شین واٹسن کا گزشتہ ریکارڈ 11 اپریل 2011ء کو بنگلہ دیش کے خلاف ڈھاکہ میں بنایا گیا تھا جب انہوں نے 96 گیندوں پر 185 رنز کی ناقابل شکست باری کھیلی تھی۔ کئی ریکارڈز ان کی اننگز کی زد میں آ گئے تھے لیکن کیونکہ آسٹریلیا بعد میں بیٹنگ کر رہا تھا اور بنگلہ دیش کی جانب سے دیا گیا ہدف بہت زیادہ نہیں تھا، اس لیے کئی ریکارڈز بچ گئے۔
ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ میں صرف 11 مواقع ایسے آئے ہیں جب کسی ایک بلے باز نے 10 یا اس سے زیادہ چھکے لگائے ہوں اور کسی کھلاڑی کو ایک سے زیادہ مرتبہ یہ کارنامہ انجام دینے کا موقع نہیں ملا۔
ہم ذیل میں کسی ایک مقابلے میں 10 یا اس سے زیاد ہ چھکے لگانے والے بلے بازوں کی فہرست پیش کر رہے ہیں، امید ہے قارئین کے لیے دلچسپی کا باعث ہوگی:
ایک باری میں سب سے زیادہ چھکے
بلے باز | ملک | رنز | گیندیں | چوکے | چھکے | بمقابلہ | بتاریخ | بمقام |
---|---|---|---|---|---|---|---|---|
روہیت شرما | بھارت | 209 | 158 | 12 | 16 | آسٹریلیا | نومبر 2013ء | بنگلور |
شین واٹسن | آسٹریلیا | 185* | 96 | 15 | 15 | بنگلہ دیش | اپریل 2011ء | ڈھاکہ |
زاویئر مارشل | ویسٹ انڈیز | 157* | 118 | 11 | 12 | کینیڈا | اگست 2008ء | کنگ سٹی |
سنتھ جے سوریا | سری لنکا | 134 | 65 | 11 | 11 | پاکستان | اپریل 1996ء | سنگاپور |
شاہد آفریدی | پاکستان | 102 | 40 | 6 | 11 | سری لنکا | اکتوبر 1996ء | نیروبی |
مہندر سنگھ دھونی | بھارت | 183* | 145 | 15 | 10 | سری لنکا | اکتوبر 2005ء | جے پور |
مارک باؤچر | جنوبی افریقہ | 147* | 68 | 8 | 10 | زمبابوے | ستمبر 2006ء | پوچفیسٹروم |
میتھیو ہیڈن | آسٹریلیا | 181* | 166 | 11 | 10 | نیوزی لینڈ | فروری 2007ء | ہملٹن |
برینڈن میک کولم | نیوزی لینڈ | 166 | 135 | 12 | 10 | آئرلینڈ | جولائی 2008ء | ابرڈین |
عبد الرزاق | پاکستان | 109* | 72 | 7 | 10 | جنوبی افریقہ | اکتوبر 2010ء | ابوظہبی |
کیرون پولارڈ | ویسٹ انڈیز | 119 | 110 | 4 | 10 | بھارت | دسمبر 2011ء | چنئی |