ابھی تو میں جوان ہوں: شاہد آفریدی

0 1,367

شاہد آفریدی چاہے 34 سال کے لگ بھگ کے ہوجائیں، لیکن ان کی طبیعت کا چلبلاپن کسی سے ڈھکا چھپا ہے نہ آف فیلڈ سرگرمیاں اور آن فیلڈ پھرتیاں، معاملہ جو بھی ہوں خان صاحب نمایاں ہی نظر آتے ہیں۔

نوجوان کھلاڑیوں سے زیادہ جوان ہوں، شاہد آفریدی (تصویر: Cricnama)
نوجوان کھلاڑیوں سے زیادہ جوان ہوں، شاہد آفریدی (تصویر: Cricnama)

دبئی میں ذرائع ابلاغ کے سامنے انہوں نے ایک نیا انکشاف کیا ہے کہ وہ ہر گزرتے دن کے ساتھ جوان ہو رہے ہیں اور ٹیم کے نوجوان کھلاڑیوں کی فٹنس پر طنز کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وہ نوجوان کھلاڑیوں سے زیادہ جوان ہیں۔

البتہ تیسرے ایک روزہ کے لیے ہاشم آملہ اور ڈیل اسٹین کی واپسی کی جانب توجہ پڑتے ہی ان کی خوش مزاجی ہلکی پڑ گئی اور انہوں نے کہا کہ دونوں کھلاڑیوں کے آنے سے پروٹیز اسکواڈ بہت مضبوط ہو جائے گا، لیکن پاکستان بھرپور فارم میں ہے اور میچ اور سیریز جیتیں گے۔

شاہد خان آفریدی نے کہا کہ عرب امارات کا موسم اور حالات مکمل طور پر پاکستان کے حق میں ہیں اور ہمارے باؤلرز جس طرح یہاں باؤلنگ کر رہے ہیں، سیریز میں شکست کا سوچنا بھی گوارا نہیں۔

139 ایک روزہ مقابلوں میں اوپنر کی حیثیت سے کھیلنے والے شاہد آفریدی نے ایک مرتبہ پھر یہ کہا کہ وہ ہمیشہ سے ایک باؤلر رہے ہیں اور بیٹنگ ان کا پلس پوائنٹ ہے لیکن انہیں یہ بھی معلوم ہے کہ عوام کی زیادہ تر توقعات ان کی بیٹنگ سے ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی حالیہ باؤلنگ کی کارکردگی سے خوش ہیں۔

جنوبی افریقہ کے خلاف جاری سیریز کے پہلے ون ڈے میں مایوس کن شکست کے بارے میں شاہد کا کہنا تھا کہ وہ آفریدی بمقابلہ جنوبی افریقہ نہیں بلکہ پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ میچ تھا، اس میچ میں سارے ہی بلے بازوں نے غلط کھیلا لیکن نجانے کیوں مجھے تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس گیند کو انہوں نے منتخب کیا وہ خراب گیند تھی، اس پر چھکا لگانے کی کوشش کی، اگر لگ جاتا تو یہی تنقید کرنے والے تالیاں بجا رہے ہوتے۔

شاہد آفریدی نے متحدہ عرب امارات کی وکٹوں پر حیرت کا اظہار کیا کہ جو مکمل طور پر بلے بازی کے لیے سازگار دکھائی دے رہی ہیں لیکن اس کے باوجود رنز نہیں بن پا رہے اور اولین دونوں مقابلوں لو-اسکورنگ ثابت ہوئے۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز کا تیسرا مقابلہ 6 نومبر کو ابوظہبی میں کھیلا جائے گا جہاں جیتنے والی ٹیم سیریز میں برتری حاصل کرلے گی۔