پاک-جنوبی افریقہ ٹی ٹوئنٹی مرحلہ، عبد الرزاق اور شعیب ملک کی واپسی
جنوبی افریقہ کے خلاف ایک روزہ سیریز ابھی جاری ہی ہے کہ ٹی ٹوئنٹی مرحلے کے لیے ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے اور چند مقابلوں میں نوجوانوں کو آزمانے کے بعد اب پروٹیز کے خلاف ایک مرتبہ پھر تجربہ کاروں کو واپس بلا لیا گیا ہے۔
دنیا بھر میں ٹیمیں ٹی ٹوئنٹی طرز کی کرکٹ کو نئے کھلاڑیوں کے لیے داخلی دروازے کے طور پر استعمال کرتی ہیں۔ آسٹریلیا میں قیادت جارج بیلی کے پاس ہے تو جنوبی افریقہ فف دو پلیسی کو کپتان بنائے ہوئے ہیں، اس کے علاوہ ان کی ٹیموں میں کئی ایسے کھلاڑی شامل ہیں جنہیں بین الاقوامی طور پر تجربہ حاصل کرنے اور ماحول سے مانوس بنانے کی ضرورت ہے۔ پاکستان نے ابھی حال ہی میں ایسی کوششیں ضرور کیں لیکن اب جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے لیے کھلاڑیوں کو آزمانے کے بجائے تجربہ کار کھلاڑیوں کو ترجیح دی گئی ہے اور مایہ ناز آل راؤنڈر عبد الرزاق اور شعیب ملک کو ایک مرتبہ پھر ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے۔
پاکستان نے 13 اور 15 نومبر کو دبئی میں ہونے والے دو ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کے لیے چار نئے کھلاڑیوں کو خارج کردیا ہے جن میں تیز گیندباز اسد علی اور انور علی، اسپنر ذوالفقار بابر اور بلے باز حارث سہیل شامل ہیں جبکہ ان کی جگہ شعیب ملک، سہیل تنویر اور عبد الرزاق کو دی گئی ہے۔
طویل عرصے سے قومی ٹیم سے باہر عبد الرزاق نے آخری مرتبہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2012ء میں آسٹریلیا کے خلاف ہونے والا مقابلہ کھیلا تھا اور یہی آخری مقابلہ تھا جس میں انہوں نے قومی ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔
اعلان کردہ دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:
احمد شہزاد، جنید خان، سعید اجمل، سہیل تنویر، محمد عرفان، شاہد آفریدی، شعیب ملک، صہیب مقصود، عبد الرحمن، عبد الرزاق، عمر اکمل، عمر امین، محمد حفیظ اور ناصر جمشید۔