نیا چیئرمین کون؟ امیدوار میدان میں کودنے لگے

0 1,282

پاکستان کرکٹ بورڈ کا نیا چیئرمین کون ہوگا؟ قومی کرکٹ ٹیم کی جنوبی افریقہ کے خلاف ناقص کارکردگی کے باوجود یہ معاملہ اس وقت سب سے زیادہ اہمیت اختیار کرچکا ہے۔ گو کہ عدالت نے نجم سیٹھی کو ابھی معطل نہیں کیالیکن آنے والے حالات کا اندازء لگاتے ہوئے کئی سابق کھلاڑی 'بگ باس' بننے کے لیے میدان میں کود پڑے ہیں۔

محسن خان اور ظہیر عباس کے بعد جاوید میانداد بھی چیئرمین کے عہدے کے لیے میدان میں کود پڑے ہیں (تصویر: AFP)
محسن خان اور ظہیر عباس کے بعد جاوید میانداد بھی چیئرمین کے عہدے کے لیے میدان میں کود پڑے ہیں (تصویر: AFP)

سابق اسپنر عبد القادر وہ پہلے کرکٹر تھے، جنہوں نے اس کا باقاعدہ اعلان کیا جس کے بعد عبوری کمیٹی کے رکن ظہیر عباس نے بھی چیئرمین کے انتخابات لڑن کا اعلان کیا۔ ابھی دونوں کھلاڑیوں کے چیئرمین بننے کے اعلان کی گرد ہی نہیں بیٹھی تھی کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل جاوید میانداد نے بھی چیئرمین بننے کی ٹھان لی ہے۔

یہ تو وہ کھلاڑی ہیں جو علی الاعلان چیئرمین شپ کے حصول کی دوڑ میں شامل ہوئے ہیں لیکن بہت سارے کرکٹرز پس پردہ بھی چیئرمین بننے کی تگ و دو کر رہے ہیں۔

سابق کوچ محسن خان اس مرتبہ بھی مختلف ذرائع استعمال کرکے چیئرمین بننے کے لیے کوشاں ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ان تمام کھلاڑیوں نے نہ صرف کرکٹ حلقوں میں اپنی سرگرمیاں تیز کردی ہیں بلکہ بیوروکریسی کی بھی منت سماجت شروع کردی ہے کہ انہیں کرکٹ بورڈ کا سربراہ بنایا جائے۔

دوسری جانب عبوری انتظامی کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی بھی اپنی کرسی بچانے کے لیے عدالتی جنگ جیتنے کی کوشش کے علاوہ اپنا اثرورسوخ بھی استعمال کر رہے ہیں ۔ وزیراعظم نواز شریف کی آشیرباد سے چیئرمین منتخب ہونے والے نجم سیٹھی اپنے قریبی حلقوں میں ان سابق کھلاڑیوں پر کڑی تنقید کر رہے ہیں اور مذاقاً ان کے ماضی کے قصوں کو کو اچھال رہے ہیں تاکہ مقتدر حلقوں میں ان امیدواروں کی اہمیت کم ہوجائے۔