مکمل فٹ ہوں، ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں ثابت بھی کروں گا: عبد الرزاق
مایہ ناز آل راؤنڈر عبد الرزاق ایک مرتبہ پھر ٹیم میں جگہ بنانے میں تو کامیاب ہوگئے لیکن اب انہیں جلد از جلد فٹ ہونا ہوگا۔ یہی وجہ ہے کہ 'فوجی' نے لاہور میں تربیت کا آغاز کردیا ہے۔
عبد الرزاق 10 نومبر کو شعیب ملک کے ہمراہ متحدہ عرب امارات روانہ ہوں گے جہاں 13 اور 15 نومبر کو پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دو ٹی ٹوئنٹی مقابلے کھیلے جائیں گے۔
عبد الرزاق نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی، لاہور میں بھرپور ٹریننگ شروع کردی ہے اور اس میں انہیں اکیڈمی کے کوچز اور ٹرینرز کی خدمات بھی حاصل ہیں۔
تربیتی سیشن کے بعد لاہور میں ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے عبد الرزاق کا کہنا تھا کہ وہ مکمل طور پر فٹ ہیں اور فٹنس کے حوالے سے انہیں کوئی تشویش نہیں اور وہ اس بات کو ٹی ٹوئنٹی سیريز میں اپنے کھیل سے بھی ثابت کردیں گے۔
عبد الرزاق نے مزید کہا کہ انہوں نے کبھی اپنی جگہ بنانے کے لیے پرفارم نہیں کیا بلکہ ہمیشہ ٹیم کی کامیابی کے لیے اور حالات کے مطابق کھیلنے کی کوشش کی ہے۔