جنوبی افریقہ تیار، پاکستان نے ٹیم کا اعلان بھی نہیں کیا

پاکستان کرکٹ بورڈ کے معاملات عدالتوں میں جانے اور انتظامات عبوری کمیٹی کے سپرد ہونے کے باعث کرکٹ کا ڈھانچہ بری طرح متاثر ہو رہا ہے اور اس کے اثرات ٹیم کی ناقص کارکردگی سے بھی ظاہر ہو رہے ہیں۔ حالت یہ ہے کہ جنوبی افریقہ کے دورے کے لیے ٹیم روانگی میں صرف ایک دن باقی رہ گیا ہے، میزبان جنوبی افریقہ نے ذرائع ابلاغ کے لیے شیڈول تک جاری کر دیا ہے اور یہاں قومی ٹیم کا اعلان تک نہیں ہوا۔

کرکٹ جنوبی افریقہ کے جاری کردہ میڈیا ایڈوائزری میں پاکستانی دستے کی آمد، کپتان اور کوچ کی نیوز کانفرنس کا پورا شیڈول پیش کیا گیا ہے لیکن آفرین ہے پاکستان کرکٹ بورڈ کے کرتا دھرتاؤں کو جنہیں ابھی تک داخلی جھگڑوں سے ہی فرصت نہیں ملی کہ اس ٹیم کا اعلان ہی کردیں جو جہاز میں سوار ہوگی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے متوقع کھلاڑیوں کے پاسپورٹوں پر ویزے لگوا لیے ہیں اور جن کھلاڑیوں کا اعلان ہوگا انہی کو جہاز کا ٹکٹ پکڑایا جائے گا۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان اس غیر متوقع سیریز میں دو ٹی ٹوئنٹی مقابلے اور تین ون ڈے کھیلے جائیں گے، جن کا آغاز 20 نومبر کو جوہانسبرگ میں پہلے ٹی ٹوئنٹی سے ہوگا۔