سری لنکا بارش اور اسپنرز کی بدولت سیریز برابر کرنے میں کامیاب

0 1,027

سری لنکا کو اسپنرز کی عمدہ باؤلنگ اور بارش نے سیریز میں شکست سے بچا لیا اور دمبولا میں سیریز کے تیسرے و آخری ون ڈے میں اس نے ڈک ورتھ لوئس طریق کار کے تحت 36 رنز سے فتح حاصل کرکے سیریز 1-1 سے برابر کرلی۔

36 گیندوں پر 63 رنز کی ناقابل شکست رفاقت قائم کرنے والا جمی نیشام اور ناتھن میک کولم مایوسی کے عالم میں میدان سے لوٹے (تصویر: AP)
36 گیندوں پر 63 رنز کی ناقابل شکست رفاقت قائم کرنے والا جمی نیشام اور ناتھن میک کولم مایوسی کے عالم میں میدان سے لوٹے (تصویر: AP)

بارش کی وجہ سے 33 اوورز تک محدود ہوجانے والے مقابلےمیں نیوزی لینڈ 216 رنز کے تعاقب میں صرف 126 رنز پر اپنی 6 وکٹیں گنوابیٹھا البتہ ساتویں وکٹ پر جیمز نیشام اور ناتھن میک کولم کی برق رفتار شراکت داری سری لنکا کے ہاتھوں سے مقابلہ نکال لے جاتی لیکن کم ہوتی ہوئی روشنی کے سبب امپائروں کو مقابلہ روکنا پڑا اور سری لنکا فاتح قرار پایا۔

نیوزی لینڈ کو آخری 8 اوورز میں 90 رنز کی ضرورت تھی، جو ایک مشکل ہدف ضرور تھا لیکن نیشام اور ناتھن 36 گیندوں پر 63 رنز جوڑ چکے تھے لیکن بہت دیر ہو چکی تھی۔ نیشام 42 اور میک کولم صرف 19 گیندوں پر 35 رنز کے ساتھ ناقابل شکست و دل گرفتہ میدان سےلوٹے۔

قبل ازیں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ جس نے تلکارتنے دلشان کے 53 اور مہیلا جے وردھنے کے 46 رنز کی بدولت پہلی وکٹ پر دونوں بلے بازوں نے 91 رنز جوڑے لیکن اس کے بعد سری لنکا بلیک کیپس کی باؤلنگ کا ڈٹ کر مقابلہ نہ کرسکا اور 146 رنز تک پہنچتے پہنچتے 6 وکٹیں گنوا بیٹھا۔ ان میں ناتھن میک کولم کی جانب سے تین گیندوں پر جے وردھنے اور کمار سنگاکارا اور مچل میک کلیناہن کی مسلسل دو گیندوں پر دلشان اور کپتان اینجلو میتھیوز کی قیمتی وکٹیں بھی شامل تھیں۔ البتہ آخری اوور میں 18 رنز حاصل کرنے کے ساتھ وہ 211 رنز تک پہنچنے میں کامیاب ہو گیا۔

اب دونوں ٹیمیں 19 اور 21 نومبر کو دو ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں آمنے سامنے ہوں گی۔