عالمی کپ 2011ء: سیمی فائنل مقابلوں کے لیے میچ آفیشنلز کا اعلان

0 1,042
سائمن ٹوفل اور این گولڈ پاک - بھارت سیمی فائنل میں امپائرنگ کریں گے

بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) آئی سی سی نے عالمی کپ کے دو سیمی فائنل مقابلوں کے لیے میچ آفیشلز کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔ یہ سیمی فائنل بالترتیب 29 مارچ بروز منگل اور 30 مارچ بروز بدھ کھیلے جائیں گے۔

آئی سی سی کی جانب سے اعلان کے مطابق سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے مابین 29 مارچ کو کھیلے جانے والے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے اسٹیو ڈیوس اور پاکستان کے علیم ڈار امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے جبکہ جنوبی افریقہ کے ماریس ارسمس تیسرے اور ویسٹ انڈیز کے بلی ڈاکٹروو چوتھے امپائر ہوں گے۔ کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس پہلے سیمی فائنل کے لیے کرس براڈ کو میچ ریفری مقرر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب 30 مارچ کو پاکستان اور بھارت کے درمیان عالمی کپ کے ہائی پروفائل سیمی فائنل مقابلے کے لیے آسٹریلیا کے سائمن ٹوفل اور انگلستان کے این گولڈ کو فیلڈ ایمپائر مقرر کیا گیا ہے۔ تیسرے اور چوتھے امپائر کے لیے نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے بلی باؤڈن اور آسٹریلیا کے روڈ ٹکر کے ناموں کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ سری لنکا کے رنجن مدوگالے میچ ریفری کی حیثیت سے موہالی میں کھیلے جانے والے اس میچ میں اپنے فرائض انجام دیں گے۔

گزشتہ ماہ 19 فروری سے شروع ہونے والا کرکٹ کا عالمی میلا اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے۔ اس عالمی کپ میں شریک 14 ٹیموں میں سے 4 بہترین کارکردگی دکھانے والی ٹیموں نے سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ اور اب ان دو سیمی فائنل مقابلوں کی فاتح ٹیمیں آئندہ ماہ 2 اپریل کو فائنل میں مدمقابل آئیں گی۔ عالمی کپ فائنل کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان آئندہ ہفتے کیا جائے گا۔