آئی سی سی ایوارڈز 2013ء کے حتمی امیدواروں کا اعلان

1 1,034

بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے آئی سی سی ایوارڈز 2013ء کے لیے نامزد امیدواروں کی حتمی فہرست شامل کردی ہے جس کے مطابق انگلستان کے جمی اینڈرسن، جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ اور آسٹریلیا کے کپتان مائیکل کلارک سال کے بہترین کھلاڑی اور سال کے بہترین ٹیسٹ کھلاڑی کے دونوں اعلیٰ ترین اعزازات کے لیے مقابل ہوں گے جبکہ سال کے بہترین ون ڈے کھلاڑی کے اعزاز کے لیے حتمی امیدواروں میں پاکستان کے کپتان مصباح الحق اور اسپنر سعید اجمل بھی شامل ہیں۔

مصباح الحق اور سعید اجمل سال کے بہترین ایک روزہ کھلاڑی کے اعزاز کے لیے مدمقابل ہوں گے (تصویر: AFP)
مصباح الحق اور سعید اجمل سال کے بہترین ایک روزہ کھلاڑی کے اعزاز کے لیے مدمقابل ہوں گے (تصویر: AFP)

آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق سال کے بہترین کھلاڑی کے اعزاز 'سر گارفیلڈ سوبرز ٹرافی' اور سال کے بہترین ٹیسٹ کھلاڑی سمیت 11 مختلف اعزازات کے فاتحین کا اعلان 14 دسمبر کو نشر کردہ تقریب میں کیا جائے گا۔ یہ تقریب اس سال بھارت کے ساحلی شہر ممبئی میں منعقد ہو رہی ہے۔

ایوارڈز کے لیے حتمی فہرستیں ایک 32 رکنی آزاد پینل نے ترتیب دی ہیں، جس کے مطابق مذکورہ بالا تین کھلاڑیوں کے علاوہ انگلستان کے کپتان ایلسٹر کک، بھارتی قائد مہندر سنگھ دھونی اور سری لنکا کے کمار سنگاکارا بھی سر گارفیلڈ سوبرز ٹرافی کے لیے امیدوار ہوں گے۔

ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر کے اعزاز کے لیے اینڈرسن، ہاشم اور کلارک کے علاوہ جنوبی افریقہ کے ڈیل اسٹین اور بھارت کے روی چندر آشون اور چیتشور پجارا کو حتمی امیدوار قرار دیا گیا ہے۔

اس حتمی فہرست کا اعلان آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن نے آج ممبئی ہی میں کیا، جس کے مطابق سال کے بہترین ون ڈے کھلاڑی کے اعزاز کے لیے پاکستان کے سعید اجمل اور مصباح الحق بھارت کے شیکھر دھاون، رویندر جدیجا اور مہندر سنگھ دھونی اور سری لنکا کے کمار سنگاکارا سے مقابلہ کریں گے۔

ٹی ٹوئنٹی میں سال کی بہترین کارکردگی دکھانے پر خصوصی اعزاز کے لیے پاکستان کے عمر گل، سری لنکا کے اجنتھا مینڈرسن اور نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل اور برینڈن میک کولم امیدوار ہوں گے۔

آئی سی سی ایوارڈز میں 11 انفرادی اعزازات کے علاوہ ایک عوامی پسند کا ایوارڈ بھی شامل ہوتا ہے، جس کا اعلان آج ہی کردیا گیا ہے اور توقعات کے عین مطابق یہ اعزاز بھارت کے کپتان مہندر سنگھ دھونی کو ملا ہے، جن کی قیادت نے بھارت نے رواں سال کا سب سے بڑا اعزاز چیمپئنز ٹرافی جیتا تھا۔

اس اہم اعلان کے ساتھ ساتھ آج ہی سال کے بہترین ٹیسٹ اور ون ڈے کھلاڑیوں پر مشتمل 'ٹیسٹ ٹیم آف دی ایئر' اور 'ون ڈے ٹیم آف دی ایئر' کا بھی اعلان کیا گیا۔ سال بھر میں پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ میں مایوس کن کارکردگی کے پیش نظر ٹیسٹ ٹیم میں کوئی قومی کھلاڑی موجود نہیں البتہ ون ڈے ٹیم میں مصباح الحق اور سعید اجمل اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

آئی سی سی ٹیسٹ ٹیم آف دی ایئر:

ایلسٹر کک (انگلستان، کپتان)، چیتشور پجارا (بھارت)، ہاشم آملہ (جنوبی افریقہ)، مائیکل کلارک (آسٹریلیا)، مائیکل ہسی (آسٹریلیا)، ابراہم ڈی ولیئرز (جنوبی افریقہ)، مہندر سنگھ دھونی (بھارت، وکٹ کیپر)، گریم سوان (انگلستان)، ڈیل اسٹین (جنوبی افریقہ)، جیمز اینڈرسن (انگلستان)، ویرنن فلینڈر (جنوبی افریقہ)، اور بارہویں کھلاڑی: روی چندر آشون (بھارت)۔

آئی سی سی ون ڈے ٹیم آف دی ایئر:

تلکارتنے دلشان (سری لنکا)، شیکھر دھاون (بھارت)، ہاشم آملہ (جنوبی افریقہ)، کمار سنگاکارا (سری لنکا)، ابراہم ڈی ولیئرز (جنوبی افریقہ)، مہندر سنگھ دھونی (بھارت، کپتان اور وکٹ کیپر)، رویندر جدیجا (بھارت)، سعید اجمل (پاکستان)، مچل اسٹارک (آسٹریلیا)، جیمز اینڈرسن (انگلستان)، لاستھ مالنگا (سری لنکا) اور بارہویں کھلاڑی: مچل میک کلیناہن (نیوزی لینڈ)۔

سال کے تمام اعزازات کے لیے مدمقابل کھلاڑیوں کی حتمی فہرست درج ذیل ہے:

سر گارفیلڈ سوبرز ٹرافی برائے آئی سی سی ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر:

  • ہاشم آملہ (جنوبی افریقہ)
  • جیمز اینڈرسن (انگلستان)
  • مائیکل کلارک (آسٹریلیا)
  • ایلسٹر کک (انگلستان)
  • مہندر سنگھ دھونی (بھارت)
  • کمار سنگاکارا (سری لنکا)

آئی سی سی ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر

  • ہاشم آملہ (جنوبی افریقہ)
  • جیمز اینڈرسن (انگلستان)
  • روی چندر آشون (بھارت)
  • مائیکل کلارک (آسٹریلیا)
  • چیتشور پجارا (بھارت)
  • ڈیل اسٹین (جنوبی افریقہ)

آئی سی سی او ڈی آئی کرکٹر آف دی ایئر

  • سعید اجمل (پاکستان)
  • شیکھر دھاون (بھارت)
  • مہندر سنگھ دھونی (بھارت)
  • مصباح الحق (پاکستان)
  • رویندر جدیجا (بھارت)
  • کمار سنگاکارا (سری لنکا)

آئی سی سی ویمنز او ڈی آئی کرکٹر آف دی ایئر

  • سوزی بیٹس (نیوزی لینڈ)
  • چارلوٹ ایڈورڈز (انگلستان)
  • میگ لیننگ (آسٹریلیا)
  • ڈین وین نیکرک (جنوبی افریقہ)
  • اینیا شربسول (انگلستان)
  • اسٹیفنی ٹیلر (ویسٹ انڈیز)

آئی سی سی ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر

  • ٹرینٹ بولٹ (نیوزی لینڈ)
  • چیتشور پجارا (بھارت)
  • جو روٹ (انگلستان)
  • مچل اسٹارک (آسٹریلیا)

آئی سی سی ایسوسی ایٹ اینڈ ایفی لیئٹ کرکٹر آف دی ایئر

  • کیون اوبرائن (آئرلینڈ)
  • کائل کوئٹزر (اسکاٹ لینڈ)
  • ایڈجوائس (آئرلینڈ)
  • نوروز منگل (افغانستان)

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل پرفارمنس آف دی ایئر

  • عمر گل (پاکستان) بمقابلہ جنوبی افریقہ – 2.2 اوورز، 6 رنز دے کر 5 وکٹیں ، بمقام سنچورین، 3 مارچ 2013ء
  • مارٹن گپٹل (نیوزی لینڈ) – 101 ناٹ آؤٹ (69 گیندیں، 9 چوکے، 6 چھکے) بمقابلہ جنوبی افریقہ، ایسٹ لندن، 23 دسمبر 2012ء
  • برینڈن میک کولم (نیوزی لینڈ) – 123 رنز (53 گیندیں، 11 چوکے، 7 چھکے)، بمقابلہ بنگلہ دیش، پالی کیلے، یکم اکتوبر 2012ء
  • اجنتھا مینڈس (سری لنکا) – 4 اوورز، 2 میڈنز، 8 رنز، 6 وکٹیں، بمقابلہ زمبابوے، ہمبنٹوٹا، 18 دسمبر 2012ء

آئی سی سی ویمنز ٹی 20 کرکٹر آف دی ایئر

  • سوزی بیٹس (نیوزی لینڈ)
  • شینل ڈیلے (ویسٹ انڈیز)
  • ڈینڈرا دوتن (ویسٹ انڈیز)
  • میگ لیننگ (آسٹریلیا)
  • سارہ ٹیلر (انگلستان)
  • اسٹیفنی ٹیلر (ویسٹ انڈیز)

ڈیوڈ شیفرڈ ٹرافی برائے آئی سی سی امپائر آف دی ایئر

  • علیم ڈار
  • اسٹیو ڈیوس
  • کمار دھرماسینا
  • مرے ایرسمس
  • این گولڈ
  • ٹونی ہل
  • رچرڈ النگورتھ
  • رچرڈ کیٹل بورو
  • نائجل لونگ
  • بروس آکسنفرڈ
  • پال رائفل
  • روڈنی ٹکر

آئی سی سی اسپرٹ آف کرکٹ

  • مہیلا جے وردھنے (سری لنکا)
  • فرہاد رضا (بنگلہ دیش)

پیپلز چوائس ایوارڈز

  • نامز امیدواران: ایلسٹر کک (انگلستان)، مائیکل کلارک (آسٹریلیا)، مہندر سنگھ دھونی (بھارت)، ویراٹ کوہلی (بھارت)، ابراہم ڈی ولیئرز
  • فاتح: مہندر سنگھ دھونی (بھارت)

آئی سی سی ایوارڈز 2013ء 7 اگست 2012ء سے 25 اگست 2013ء کے درمیانی عرصے میں دکھائی گئی کارکردگی کی بنیاد پر دیے جائیں گے۔