نوجوان کھلاڑیوں پر اعتماد بحال، پاکستان نے عثمان شنواری کو طلب کرلیا

3 1,122

ایسا لگتا ہے کہ دورۂ جنوبی افریقہ میں پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں کی فتح گر کارکردگی نے قومی کرکٹ کا منظرنامہ ہی بدل دیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ پاکستان نے سری لنکا کے خلاف دو ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کے لیے 19 سالہ عثمان خان شنواری کو طلب کرلیا ہے۔

عثمان شنواری نے حالیہ فیصل بینک ٹی ٹوئنٹی فائنل میں صرف 9 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں اور ملک گیر شہرت پائی (تصویر: Farhan Nisar)
عثمان شنواری نے حالیہ فیصل بینک ٹی ٹوئنٹی فائنل میں صرف 9 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں اور ملک گیر شہرت پائی (تصویر: Farhan Nisar)

عثمان شنواری نے چند روز قبل فیصل بینک ٹی ٹوئنٹی کپ فار ڈپارٹمنٹس کے فائنل میں سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کے خلاف صرف 9 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کرکے زرعی ترقیاتی بینک کو ٹائٹل جتوایا تھا۔ یہی کارکردگی انہیں قومی دستے میں طلب کرنے کے لیے کافی قرار پائی ہے۔ اس مقابلے میں نے سوئنگ باؤلنگ کا شاندار مظاہرہ کیا اور توفیق عمر اور مصباح الحق جیسے جانے مانے بلے بازوں کو بھی ٹھکانے لگایا اور ملک گیر شہرت پائی۔

پاکستان نے متحدہ عرب امارات میں آخری مرتبہ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کھیلی تھی جہاں وہ ٹیسٹ سیریز تو خدا خدا کرکے برابر کرنے میں کامیاب ہوا لیکن محدود اوورز کی دونوں سیریز میں شکست نے تجربہ کار کھلاڑیوں کی نااہلی کو ثابت کردیا۔ یہی وجہ ہے کہ اس سیریز کے فوراً بعد پاکستان نے کئی نوآموز کھلاڑیوں کو دستے میں شامل کیا جن میں انور علی اور بلاول بھٹی سب سے نمایاں رہے جنہوں نے پہلے ون ڈے میں اپنی آل راؤنڈ کارکردگی کے ذریعے پاکستان کو ایسی شاندار فتح سے نوازا کہ بعد ازاں وہ سیریز بھی جیتنے میں کامیاب ہوگیا۔ یہی وجہ ہے کہ کرکٹ بورڈ کے کرتا دھرتاؤں کا نوجوان کھلاڑیوں پر اعتماد بحال ہوا ہے اور عثمان شنواری کی شمولیت اس کی واضح مثال ہے۔

وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقہ جات سے تعلق رکھنے والا عثمان شنواری بدھ کو صبح سویرے دبئی پہنچ جائیں گے جبکہ پاکستانی اسی شب سری لنکا کے خلاف پہلا ٹی ٹوئنٹی کھیلے گا۔

عثمان نے فیصل بینک ٹی ٹوئنٹی کے فائنل کے بعد کہا تھا کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا میرا خواب ہے اور شاید انہیں جلد ہی اس خواب کی تعبیر بھی مل جائے۔