[ریکارڈ] 400 بین الاقوامی وکٹیں حاصل کرنے والے پاکستانی باؤلرز

3 1,901

اسپن 'جادوگر' سعید اجمل نے پاک-سری لنکا پہلے ٹی ٹوئنٹی کے دوران بین الاقوامی کرکٹ میں اپنی 400 وکٹیں حاصل کرلی ۔ سری لنکا کی باری کے دوران انہوں نے کمار سنگاکارا کو شاہد آفریدی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا کر اپنا 400 واں شکار کیا۔

سعید اجمل ساتویں پاکستانی باؤلر ہیں جنہوں نے بین الاقوامی کرکٹ میں 400 وکٹیں حاصل کیں (تصویر: AFP)
سعید اجمل ساتویں پاکستانی باؤلر ہیں جنہوں نے بین الاقوامی کرکٹ میں 400 وکٹیں حاصل کیں (تصویر: AFP)

سعید نے 31 سال کی پختہ عمر میں اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا اور عرصہ دراز تک وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کے باوجود سلیکٹرز کی نظرکرم کے مستحق نہیں ٹھہر سکے۔ یہاں تک کہ 2008ء میں انہیں موقع دیا گیا اور اس کے بعد سے انہوں نے پیچھے مڑ کر نہ دیکھا۔ وہ تمام طرز کی کرکٹ میں اس وقت بھی دنیا کے بہترین باؤلرز تسلیم کیے جاتے ہیں اور عالمی درجہ بندی میں ان کا مقام اس کا عکاس ہے۔

سعید اجمل مجموعی طور پر پاکستان کے ساتویں باؤلرہیں، جنہیں بین الاقوامی کرکٹ میں 400 سے زیادہ وکٹیں ملی ہیں۔ پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ بین الاقوامی وکٹیں وسیم اکرم نے لے رکھی ہيں جنہوں نے 1984ء سے 2003ء تک محیط اپنے کیریئر میں 460 بین الاقوامی میچز کھیلے اور 23.57 کے شاندار اوسط سے 916 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے مجموعی طور پر 31 مرتبہ اننگز میں 5 اور 5 مرتبہ میچ میں 10 وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ انجام دیا۔

وسیم اکرم کے علاوہ اس فہرست میں آج ہی بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے 'ہال آف فیم' میں شامل ہونے والے وقار یونس کا نام بھی شامل ہے۔ وقار نے 1989ء سے 2003ء تک پھیلے اپنے کیریئر میں 349 بین الاقوامی مقابلوں میں 789 وکٹیں حاصل کیں۔ اس فہرست میں دیگر پاکستانی باؤلرز عمران خان، ثقلین مشتاق، شاہد آفریدی اور شعیب اختر ہیں جبکہ عمر گل 400 بین الاقوامی وکٹوں سے صرف دو شکار کے فاصلے پر ہیں۔

سعید اجمل نے 30 ٹیسٹ، 100 ایک روزہ اور 58 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی مقابلے کھیلے ہیں جن میں بالترتیب ان کی وکٹوں کی تعداد 159، 162 اور 79 ہے۔

پاکستان کی جانب سے بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلر

گیندباز ملک مقابلے وکٹیں بہترین باؤلنگ/اننگز بہترین باؤلنگ/میچ اوسط 5 وکٹیں/اننگز 10 وکٹیں/میچ
وسیم اکرم پاکستان 460 916 7/119 11/110 23.57 31 5
وقار یونس پاکستان 349 789 7/36 13/135 23.70 35 5
عمران خان پاکستان 263 544 8/58 14/116 24.08 24 6
ثقلین مشتاق پاکستان 218 496 8/164 10/155 25.16 19 3
شاہد آفریدی پاکستان 464 490 7/12 7/12 32.12 10 0
شعیب اختر پاکستان 224 444 6/11 11/78 25.16 16 2
سعید اجمل پاکستان 188 400 7/55 11/111 23.02 11 4

اس وقت سب سے زیادہ بین الاقوامی وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز مرلی دھرن کے پاس ہے۔ جنہوں نے اپنے 19 سالہ کیریئر میں 1347 وکٹیں حاصل کیں اور ان کے علاوہ صرف آسٹریلیا کے شین وارن ہی ہیں جنہیں بین الاقوامی کرکٹ میں 1000 سے زیادہ وکٹیں ملیں۔ وارن نے 1001 وکٹیں حاصل کيں۔

بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلر

گیندباز ملک مقابلے وکٹیں بہترین باؤلنگ/اننگز بہترین باؤلنگ/میچ اوسط 5 وکٹیں/اننگز 10 وکٹیں/میچ
متیاہ مرلی دھرن سری لنکا 495 1347 9/51 16/220 22.86 77 22
شین وارن آسٹریلیا 339 1001 8/71 12/128 25.51 38 10
انیل کمبلے بھارت 403 956 10/74 14/149 30.09 37 8
گلین میک گرا آسٹریلیا 376 949 8/24 10/27 21.76 36 3
وسیم اکرم پاکستان 460 916 7/119 11/110 23.57 31 5