پاک-لنکا ون ڈے سیریز، ناصر جمشید اور عمر امین کی چھٹی، شرجیل اور حارث سہیل طلب
پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ایک روزہ سیریز کے لیے اپنے دستے کا اعلان کردیا ہے جس میں گزشتہ ٹی ٹوئنٹی مقابلے سے اپنے بین الاقوامی کیريئرکا آغاز کرنے والے نوجوان شرجیل خان بھی شامل ہیں۔
قومی کرکٹ حلقوں میں اپنی شعلہ فشاں بیٹنگ کی وجہ سے مشہور شرجیل خان نےسری لنکا کے خلاف سیریز کے ٹی ٹوئںٹی مرحلے سے اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا ہے اور پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی فتح میں اپنے 34 رنز کے ذریعے اہم حصہ بھی لیا۔ ان پر اعتماد کا اظہار قومی کرکٹ ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کا سبب بنے گا۔
پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف گزشتہ سیریز جیتنے میں اہم کردار ادا کرنے والے بلاول بھٹی اور انور علی کو بھی دستے میں برقرار رکھا گیا ہے جبکہ دورۂ ویسٹ انڈیز میں اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والے حارث سہیل بھی ایک مرتبہ پھر ٹیم میں طلب کیے گئے ہیں۔
اوپنر ناصر جمشید کو پے در پے ناکامیوں اور عمر امین کو غیر متاثر کن کارکردگی کی وجہ سے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔
پاک-لنکا پہلا ون ڈے 18 دسمبر کو شارجہ میں کھیلا جائے گا اور ایک روزہ سیریز 27 دسمبر کو ابوظہبی میں آخری ون ڈے تک جاری رہے گی، جس میں پانچ مقابلے کھیلے جائیں گے۔
اعلان کردہ دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:
مصباح الحق (کپتان)، احمد شہزاد، اسد شفیق، انور علی، بلاول بھٹی، جنید خان، حارث سہیل، سعید اجمل، سہیل تنویر، شاہد آفریدی، شرجیل خان، صہیب مقصود، عبد الرحمٰن، عمر اکمل اور محمد حفیظ۔