سنچری نہیں، ٹیم کی فتح اہم ہے؛ مصباح الحق
پاکستان کے بلے باز مصباح الحق نے کہا ہے کہ اصل مقصد جیت ہوتی ہے، کھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی کی اہمیت نہیں ہے۔ موہالی، چندی گڑھ میں بھارت کے خلاف عالمی کپ 2011ء کے سیمی فائنل کی تیاریاں کرنے والی پاکستانی ٹیم کے اس اہم رکن کا کہنا ہے کہ اگر ان کی ٹیم کا کوئی رکن سنچری نہیں بناتا، اور پاکستان عالمی کپ جیت جاتا ہے تو یہ اس سے کہیں بہتر ہے کہ ہم سنچریاں اسکور کریں اور ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائیں، کیوں کہ اس صورت میں ان سنچریوں کا کوئی فائدہ نہیں۔
پاکستان کی بیٹنگ لائن اپ میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے مصباح کا کہنا ہے کہ بلاشبہ یہ کسی ٹیم کے لیے حوصلہ افزاء بات ہوتی ہے کہ ان کے بلے باز بھرپور فارم میں ہیں اور سنچری اسکور کر رہے ہیں لیکن میرے خیال میں سب سے اہم فتح کا حصول ہے۔ اگر آپ نصف سنچری بناتے ہیں یا پھر بروقت 20 سے 30 رنز بھی ایسے بنا جاتے ہیں جو فتح کے لیے اہم ہوں، تو وہ بھی ٹیم کے لیے بہت حوصلہ افزاء ہوں گے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2007ئ کے فائنل کے حوالے سے سوال پر مصباح الحق نے کہا کہ آپ ماضی سے چپک کر نہیں رہ سکتے ہیں، ہر میچ نیا میچ ہوتا ہے، ہمارے لیے ہر میچ اہم ہے خصوصا یہ سیمی فائنل، کیونکہ یہ ورلڈ کپ ہے اور اس کا سیمی فائنل ہے۔ واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2007ء کے فائنل میں مصباح کا ایک اسکوپ شاٹ اس وقت کیچ کر لیا گیا تھا جب وہ پاکستان کو فتح کے دہانے پر لے آئے تھے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان عالمی کپ 2011ء کا دوسرا سیمی فائنل 30 مارچ بروز بدھ چندی گڑھ کے پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن (پی سی اے) اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ جس میں جیتنے والی ٹیم 2 اپریل کو دسویں عالمی کپ کا فائنل مقابلہ کھیلنے کا اعزاز حاصل کرے گی۔