[ریکارڈز] سعید اجمل کا ایک اور سنگ میل، سال میں 100 وکٹیں

0 1,049

پاکستان کے اسپن 'جادوگر' سعید اجمل ہر گزرتے مقابلے کے ساتھ بین الاقوامی کرکٹ میں ایک نیا سنگ میل عبور کرتے جا رہے ہیں۔

سری لنکا کے خلاف دبئی میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی مقابلے میں وہ پاکستان کی مایوس کن باؤلنگ میں امید کی واحد کرن رہے۔ جب ہر گیندباز سری لنکن بلے بازوں کے رحم و کرم پر دکھائی دیتا تھا، اور سری لنکا پاکستان کے خلاف کسی ٹی ٹوئنٹی مقابلے میں 200 سے زیادہ رنز بنانے والی پہلی ٹیم بنا، سعید اجمل نے نہ صرف 4 اوورز میں 25 رنز دیے بلکہ دو وکٹیں بھی حاصل کیں۔

سعید اجمل ثقلین مشتاق کے بعد سال میں 100 بین الاقوامی وکٹیں حاصل کرنے والے محض دوسرے پاکستانی ہیں (تصویر: AFP)
سعید اجمل ثقلین مشتاق کے بعد سال میں 100 بین الاقوامی وکٹیں حاصل کرنے والے محض دوسرے پاکستانی ہیں (تصویر: AFP)

جب اننگز کے 14 ویں اوور میں سیکوگے پرسنا سعید اجمل کی گیند کو میدان بدر کرنے کی کوشش میں نوآموز عثمان خان کو کیچ دے گئے تو یہ سعید کی رواں سال بین الاقوامی کرکٹ میں 100 وکٹ تھی۔

سعید اجمل ایک سال میں 100 یا اس سے زیادہ بین الاقوامی وکٹیں حاصل کرنے والے محض دوسرے پاکستانی باؤلر ہیں۔ ان سے قبل صرف ثقلین مشتاق ہی واحد پاکستانی گیندباز تھے، جنہیں ایک سال میں 100 وکٹیں ملیں۔ انہوں نے 1997ء میں 42 بین الاقوامی مقابلوں میں 21.85 کے اوسط سے 101 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

سعید نے سال 2013ء میں 7 ٹیسٹ مقابلوں میں 37 اور28 ایک روزہ مقابلوں میں 53 وکٹیں حاصل کیں، جو رواں سال ون ڈے کرکٹ میں کسی بھی باؤلر کی سب سے زیادہ وکٹیں ہیں۔ سعید اجمل نے رواں سال 9 ٹی ٹوئنٹی مقابلے کھیلے جن میں انہوں نے 10 وکٹیں حاصل کیں اور یوں اپنی مجموعی بین الاقوامی وکٹوں کی تعداد تہرے ہندسے میں پہنچا دی۔

بین الاقوامی کرکٹ میں اب تک 16 باؤلرز نے 21 مرتبہ 100 یا زیادہ وکٹیں سمیٹی ہیں، جن میں سرفہرست نام سری لنکا کے عظیم آف اسپنر متیاہ مرلی دھرن کا ہے۔ انہوں نے 2001ء میں کل 45 بین الاقوامی مقابلوں میں صرف 19.98 کے اوسط سے ریکارڈ 136 وکٹیں حاصل کیں۔ اس میں ان کی بہترین باؤلنگ 87 رنز دے کر 8 وکٹیں تھی۔ انہوں نے 4 مرتبہ میچ میں 10 اور 8 مرتبہ اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کیں۔

مرلی نے کیریئر میں مجموعی طور پر 4 مرتبہ سال میں 100 یا زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ انجام دیا اور سال میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلرز میں دوسرا نام بھی انہی کا ہے۔ انہوں نے اپنے کیریئر کے اختتامی ایام میں بھی یعنی 2006ء میں 40 مقابلوں میں 20.99 کے شاندار اوسط سے 128 وکٹیں حاصل کیں۔ مرلی کے ہم عصر شین وارن نے دو مرتبہ 100 یا زیادہ وکٹیں لیں جبکہ ان دونوں کے علاوہ صرف آسٹریلیا کے گلین میک گرا ہی واحد باؤلر ہیں جنہیں کیریئر میں دو مرتبہ سال میں 100 یا اس سے زیادہ وکٹیں ملیں۔

ہم قارئین کی دلچسپی کے لیے ایسے تمام باؤلرز کی فہرست ذیل میں پیش کررہے ہیں، امید ہے معلومات میں اضافے کا باعث ہوگی:

سال میں سب سے زیادہ بین الاقوامی وکٹیں حاصل کرنے والے باؤلر

کھلاڑی ملک سال مقابلے وکٹیں بہترین باؤلنگ/اننگز بہترین باؤلنگ/میچ اوسط
مرلی دھرن سری لنکا 2001ء 45 136 8/87 11/170 19.98
مرلی دھرن سری لنکا 2006ء 40 128 8/70 12/225 20.99
شین وارن آسٹریلیا 1994ء 39 120 8/71 12/128 19.32
گلین میک گرا آسٹریلیا 1999ء 41 119 5/14 10/78 20.23
مچل جانسن آسٹریلیا 2009ء 47 113 5/69 8/137 28.18
گریم سوان انگلستان 2010ء 39 111 6/65 10/217 21.63
مرلی دھرن سری لنکا 2000ء 31 109 7/30 13/171 19.66
ایلن ڈونلڈ جنوبی افریقہ 1998ء 27 107 6/88 8/74 18.57
جوئیل گارنر ویسٹ انڈیز 1984ء 28 105 6/60 9/108 18.80
ڈینس للی آسٹریلیا 1981ء 28 105 7/83 11/159 20.99
گلین میک گرا آسٹریلیا 2005ء 37 104 6/115 9/82 20.33
مکھایا این تینی جنوبی افریقہ 2003ء 35 104 5/66 10/220 22.90
شان  پولاک جنوبی افریقہ 2000ء 49 103 5/20 6/67 20.75
ہربھجن سنگھ بھارت 2002ء 40 102 7/48 8/85 25.40
ثقلین مشتاق پاکستان 1997ء 42 101 5/38 9/80 21.85
بریٹ لی آسٹریلیا 2005ء 39 101 5/30 7/157 26.33
مرلی دھرن سری لنکا 1998ء 26 100 9/65 16/220 19.86
چمندا واس سری لنکا 2001ء 41 100 8/19 14/191 22.53
کپل دیو بھارت 1983ء 36 100 9/83 10/135 22.54
شین وارن آسٹریلیا 1999ء 50 100 5/52 8/155 26.96
سعید اجمل پاکستان 2013ء 44 100 7/95 11/118 21.92