گریم سوان کا اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان

0 1,041

انگلستان کے آف اسپنر گریم سوان نے فوری طور پر تمام طرز کی بین الاقوامی کرکٹ چھوڑنے کا اعلان کردیا ہے۔

گریم سوان چوتھی بار ایشیز جیتنے والی ٹیم کا حصہ نہ بننے پر دلبرداشتہ ہوگئے (تصویر: PA Photos)
گریم سوان چوتھی بار ایشیز جیتنے والی ٹیم کا حصہ نہ بننے پر دلبرداشتہ ہوگئے (تصویر: PA Photos)

آسٹریلیا میں کھیلی جا رہی ایشیز کے ابتدائی تینوں ٹیسٹ میچز میں بدترین ناکامی اور یوں ایشیز کا اعزاز گنوانے کے بعد دلبرداشتہ سوان نے فی الفور کرکٹ چھوڑدی ہے اور وہ ایشیز کے بقیہ دو ٹیسٹ مقابلوں میں بھی حصہ نہیں لیں گے۔

60 ٹیسٹ کھیلنے والے سوان نے کہا کہ گو کہ بڑھتی ہوئی عمر کی وجہ سے پانچ روزہ کرکٹ کھیلنے کی خود میں ہمت نہیں پاتے تھے لیکن مسلسل چوتھی بار ایشیز سیریز جیتنے کی خواہش نے انہیں کھیلنے پر مجبور کیا اور اس میں ناکامی کےبعد اب وہ کرکٹ کوخیرباد کہہ رہے ہیں

ملبورن میں اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا آمد کے موقع پر ہی میں نے سوچ لیا تھا کہ یہ انگلستان کی طرف سے میرا آخری دورہ ہوگااور میں شدت کے ساتھ یہ ایشیز جیتنا چاہتا تھا اور گزشتہ دورے کی کارکردگی کودہرانا چاہتا تھا لیکن اب جبکہ ایشیز کا خواب ٹوٹ چکا، مجھے ایسا لگتا ہے کہ اب ٹیم کے ساتھ چپکے رہنا خود غرضی ہوگی۔

255 ٹیسٹ وکٹیں لینے والے آف اسپنر کا کہنا تھا کہ یہ لمحہ میرے لیے بہت مایوس کن ہے اور میں کوس رہا ہوں کہ میں نے چند ماہ قبل اوول میں تاریخی ایشیز جیت کے بعد کیوں نہ کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا۔ اس سیریز میں سوان نے سب سے زیادہ یعنی 26 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

گریم سوان نے 79 ایک روزہ اور 39 ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں انگلستان کی نمائندگی کی اور بالترتیب 104 اور 51 وکٹیں حاصل کیں۔ ایک یادگار کیریئر کے باوجود سوان مسلسل چوتھی بار ایشیز کے فاتح دستے میں شمولیت کا خواب پورانہ کرپائے۔