پاک-لنکا ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان، حفیظ اور گل کی واپسی
پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے اپنے 15 رکنی دستے کا اعلان کردیا ہے۔ سری لنکا کے خلاف جاری ایک روزہ سیریز میں رنز کے انبار لگا دینے والے محمد حفیظ اور حریف بلے بازوں پر قہر ڈھانے والے عمر گل کو واپس بلالیا گیا ہے۔
پاکستان نے چار سال قبل 2009ء میں سری لنکا کے خلاف اپنے کیريئر کا واحد ٹیسٹ کھیلنے والے محمد طلحہ کو بھی قومی ٹیم میں طلب کیا ہے۔ 24 سالہ طلحہ 272 فرسٹ کلاس وکٹیں رکھتے ہیں اور واحد ٹیسٹ میں بھی انہوں نے ایک وکٹ حاصل کی تھی۔ یاد رہے کہ طلحہ نے مارچ 2009ء میں لاہور میں کھیلے گئے اس ٹیسٹ مقابلے میں شرکت کی تھی جہاں سری لنکا کی ٹیم پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا تھا اور پھر پاکستان بین الاقوامی مقابلوں کی میزبانی کے لیے غیر موزوں قرار پایا۔
عمر گل، جو رواں سال فروری میں جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں زخمی ہوگئے تھے اور بعد ازاں گھٹنے کے آپریشن اور صحت یابی کے مراحل سے گزرے، اس وقت سری لنکا کے خلاف ایک روزہ ٹیم کا حصہ ہیں اور تیسرے اور چوتھے ون ڈے میچز میں پاکستان کی فتوحات میں کلیدی کردار ادا کرچکے ہیں۔ اس فارم کو دیکھتے ہوئے زخمی محمد عرفان کی جگہ عمر کو شامل کیا گیا ہے۔
اعلان کردہ 15 رکنی دستے میں محمد حفیظ چوتھے اوپنر ہیں۔ شان مسعود، خرم منظور اور احمد شہزاد بھی اوپننگ پوزیشن پر کھیلتے ہیں۔ حفیظ نے رواں سال 10 اننگز میں صرف 102 رنز بنائے تھے اور جنوبی افریقہ کے خلاف دو سیریز میں ان کی کارکردگی انتہائی ناقص رہی۔ ڈیل اسٹین کے سامنے وہ بارہا بری طرح ناکام ہوئے اور بالآخر باہر کردیے گئے۔ لیکن سری لنکا کے خلاف ایک روزہ سیریز کے 4 مقابلوں میں تین سنچریاں بنانے کے بعد انہیں ایک مرتبہ پھر ٹیسٹ مقام واپس دیا گیا ہے۔
پاک-لنکا سیریز کا پہلا ٹیسٹ 31 دسمبر سے ابوظہبی میں شروع ہوگا جبکہ مجموعی طور پر سیریز میں تین ٹیسٹ مقابلے ہوں گے۔
اعلان کردہ پاکستانی دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:
مصباح الحق (کپتان)، احمد شہزاد، اسد شفیق، اظہر علی، جنید خان، خرم منظور، راحت علی، سعید اجمل، شان مسعود، عبد الرحمٰن، عدنان اکمل، عمر گل، محمد حفیظ، محمد طلحہ اور یونس خان۔