محمد عرفان کو جلد از جلد میدان میں اتارنے کی کوششیں شروع

0 1,079

پاکستان کرکٹ بورڈ نے طویل القامت تیز باؤلر محمد عرفان کو جلد از جلد میدان میں اتارنے کے لیے کوششیں شروع کردی ہیں اور اس سلسلے میں پہلے قدم کے طور پر انہیں متحدہ عرب امارات بھیجا جا رہا ہے۔

محمد عرفان کو نئے ٹرینر کی زیر نگرانی فٹنس حاصل کرنے کے لیے ابوظہبی بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے(تصویر: PCB)
محمد عرفان کو نئے ٹرینر کی زیر نگرانی فٹنس حاصل کرنے کے لیے ابوظہبی بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے(تصویر: PCB)

پی سی بی ذرائع کے مطابق محمد عرفان بحالی کے عمل کے لیے ابوظہبی میں قومی ٹیم جوائن کریں گے ۔ ان کو متحدہ عرب امارات بھیجنے کا فیصلہ قومی ٹیم کے اگلے ایک ماہ تک دبئی میں قیام اور نئے فزیکل ٹرینر ڈیل نائلر کی وہاں موجودگی کی وجہ سے کیا گیا ہے۔ بورڈ کے مطابق کھلاڑیوں کی فٹنس پر کام کرنے والے نوتعینات شدہ ٹرینر اب محمد عرفان کی جسمانی تربیت پر بھی کام کریں گے، تاکہ وہ جلد از جلد ایک مرتبہ پھر ایکشن میں نظر آئیں۔ البتہ محمد عرفان قومی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے اور نہ ہی انہیں کھیلنے کے لیے بھیجا جا رہا ہے۔ انہیں بھیجنے کا واحد مقصد ان کی انجری سے صحت یابی ہے۔

محمد عرفان گزشتہ ایک سال سے پاکستان کی کامیابیوں میں کلیدی کردار ادا کرتے رہے۔ البتہ بے دریغ استعمال کی وجہ سے نومبر میں جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی کے دوران وہ انجری کا شکار ہوگئے۔ عرفان کی عدم موجودگی اور یوں ایک اچھے تیز باؤلر کی عدم دستیابی کے سبب ہی پاکستان سری لنکا کے خلاف اولین دو ایک روزہ مقابلوں میں سخت جدوجہد کرتا دکھائی دیا، یہاں تک کہ عمر گل کو ہنگامی طور پر طلب کیا گیا اور پاکستان نے سیریز اپنے نام کی۔