دنیا کی ہر ٹیم کو ہرانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، سری لنکا کو بھی شکست دیں گے: اظہر علی
جنوبی افریقہ کو اس کی سرزمین پر ون ڈے سیریز میں شکست دینے کے بعد پاکستان نے سری لنکا کو بھی زیر کرلیا ہے اور یوں طویل عرصے کے بعد سخت حریفوں کے خلاف دو مسلسل سیریز جیتی ہیں اور تسلسل کے ساتھ یہی کارکردگی پاکستان کے لیے اگلے سال ایشیا کپ کے دفاع میں معاون ثابت ہوگی۔ براعظمی اعزاز کے لیے جنگ کے آغاز سے قبل پاکستان کو سری لنکا کے خلاف تین ٹیسٹ میچز کھیلنے ہیں اور مڈل آرڈر بیٹسمین اظہر علی کہتے ہیں کہ پاکستانی ٹیم اپنے برے دن گزار چکی ہے اور ٹیسٹ سیريز میں بھی ضرور کامیابی حاصل کرے گی۔
پاک-لنکا ٹیسٹ سیریز کے لیے اسکواڈ میں شامل کیے جانے والے اظہر علی کا کہنا ہ ےکہ کچھ عرصہ قبل پاکستانی ٹیم نے بہت برا وقت گزارا ہے، جنوبی افریقہ کے ہاتھوں کلین سویپ کے بعد زمبابوے جیسےکمزور حریف سے نے بھی اسے ٹیسٹ میں شکست دی لیکن اب پاکستان کرکٹ بورڈ کی بھرپور سپورٹ نے کھلاڑیوں کے حوصلوں کو بلند کیا ہے اور اس کا نتیجہ ہے کہ پاکستان نے فتوحات سمیٹنا شروع کردی ہیں۔
اظہر علی کا کہنا ہے کہ اگر کوئی سمجھتا ہے کہ پاکستان صرف کمزور ٹیموں کے خلاف کامیابیاں حاصل کرتا ہے تو اسے جنوبی افریقہ کے خلاف اسی کے دیس میں ایک روزہ سیریز میں کامیابی اور اس سے قبل انگلستان کے خلاف جبکہ وہ نمبر ون تھا، کلین سویپ فتح کو ذہن نشین کرنا چاہیے، پھر واضح ہوجائے گا کہ پاکستان دنیا کی ہر ٹیم کو ہرانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
آؤٹ آف فارم ہونے کی وجہ سے ٹیم سے باہر ہونے والے اظہر نے کہا کہ گرین شرٹس نے جس طرح سری لنکا کو ون ڈے سیریز میں شکست دی ہے، اس کے بعد کہا جا سکتا ہے کہ قومی ٹیم فتح کی راہ پر گامزن ہوچکی ہے اور ٹیسٹ سیریز میں بھی ضرور کامیاب ہوگی۔
اپنی کارکردگی کے حوالے سے اظہر نے کہا کہ اپنی خامیاں دور کرنے کے لیے میں نے ڈومیسٹک سیزن میں بھرپور محنت کی ہے اور اس دوران وقتاً فوقتاً نیشنل کرکٹ اکیڈمی بھی جاتا رہا ہوں اور اب بہتر کارکردگی دکھا رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں طویل اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوں گا۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا آغاز 31 دسمبر سے ابوظہبی میں ہو رہا ہے۔