تھریمانے زخمی، سری لنکا نے کوشال پیریرا کو بلالیا
سری لنکا کے مڈل آرڈر بلے باز لاہیرو تھریمانے گھٹنے کی تکلیف کے باعث پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔ ان کی جگہ ایک روزہ سیریز میں اوپننگکرنے والے کوشال پیریرا کو شامل کرلیا گیا ہے۔
سری لنکا کے ٹیم مینیجر کے مطابق تھریمانے کو دائیں گھٹنے کی تکلیف کا سامنا ہے، اور ایسا لگتا ہےکہ وہ اس سے جلد چھٹکارہ حاصل نہیں کرپائیں گے۔ یہی وجہ ہے کہ ٹیم انتظامیہ نے انہیں وطن واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ان کی جگہ طلب کیے گئے کوشال پیریرا 19 ایک روزہ مقابلوں میں قومی ٹیم کی نمائندگی کر چکے ہیں اور اگر دبئی میں 8 جنوری سے شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ کی حتمی الیون میں شامل کیے گئے تو یہ ان کا پہلا ٹیسٹ مقابلہ ہوگا۔
کوشال پیریرا نے پاک-سری لنکا حالیہ ایک روزہ سیریز میں 64 اور 47 رنز کی دو بہت عمدہ اننگز کھیلیں اور اپنی صلاحیتوں کو منوایا۔ اب موقع ملنے پر وہ ٹیسٹ میں بھی اپنی اہمیت جتا سکتے ہیں۔