پی سی بی کا کارنامہ، "نوازنے" کے لیے ترقی

0 1,024

پاکستان کرکٹ میں اقرباء پروری کوئی نئی بات نہیں، لیکن اب ایک نیا "کارنامہ" سامنے آیا ہے۔ بورڈ نے 59 سالہ امپائر کو فرسٹ کلاس گریڈ ون میں امپائرنگ کا ڈیبیو کروایا ہے۔ حالانکہ اب ان کی ریٹائرمنٹ کی عمر آن پہنچی ہے۔

راجہ شاہد (دائیں) کا گریڈ ون میں پہلا مقابلہ ہی ان کے کیریئر کا آخری مقابلہ ہوگا( تصویر: فائل فوٹو)
راجہ شاہد (دائیں) کا گریڈ ون میں پہلا مقابلہ ہی ان کے کیریئر کا آخری مقابلہ ہوگا( تصویر: فائل فوٹو)

کراچی کے ساؤتھ اینڈ کلب میں پی آئی اے اور یو بی ایل کے درمیان کھیلے گئے مقابلے میں فیلڈ امپائرنگ کرنے والے راجہ شاہد کا تعلق لاہور سے ہے اور وہ طویل عرصے سے گریڈ ٹو میں امپائرنگ کرتےرہے تھے۔ اب جبکہ ان کے الوداع کہنے کے دن آ گئے ہیں تو شاید بورڈ کو خیال آیا کہ ان کی خدمات کا "صلہ" ریٹائرمنٹ سے چند ماہ قبل گریڈ ون میں ترقی دے کر دیا جائے۔ اس کے بعد راجہ صاحب کو گریڈ ون کے مذکورہ میچ میں امپائرنگ کے فرائض سونپے گئے جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ سیزن میں راجہ شاہد کو کوئی اور مقابلہ نہیں دیا گیا یعنی کہ ان کا گریڈ ون کا پہلا مقابلہ ہی ان کے امپائرنگ کیریئر کا آخری میچ بھی ثابت ہوگا۔

ذرائع کے مطابق راجہ شاہد کو اگر گریڈ ٹو میں امپائرنگ کے دوران ریٹائرمنٹ دی جاتی تو انہیں تین لاکھ روپے دیے جاتے لیکن اب اس ترقی کی بدولت انہیں ریٹائرمنٹ کا الاؤنس بھی بڑھ کر پانچ لاکھ روپیہ ملے گا۔ شاید یہ "ترقی" نوازنے کے اسی سلسلے کی کڑی تھی۔