ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے ڈیڈلائن، پاکستان نے آئی سی سی سے وقت مانگ لیا

0 1,048

سال 2014ء کا اہم ترین ٹورنامنٹ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی محض دو ماہ کی دوری پر ہے اور بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی شرائط کے مطابق تمام ٹیموں کو 16 جنوری کو 30 رکنی ابتدائی دستے کا اعلان کرنا تھا لیکن پاکستان اس ڈیڈلائن کو پانے میں ناکام رہا۔ البتہ نوبحال شدہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ ذکا اشرف نے بین الاقوامی کرکٹ کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پاکستان کو 30 رکنی اسکواڈ کا اعلان کرنے کے لیے مزید وقت دے۔

ضروری نہیں کہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں محمد حفیظ ہی پاکستان کی قیادت کریں: ذکا اشرف (تصویر: AFP)
ضروری نہیں کہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں محمد حفیظ ہی پاکستان کی قیادت کریں: ذکا اشرف (تصویر: AFP)

جمعرات کو پی سی بی ہیڈکوارٹر، لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین ذکا اشرف نے کہا کہ آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2014ء کے لیے ابتدائی اسکواڈ کے اعلان کی ڈیڈلائن میں محض چند گھنٹے رہے گئے ہیں لیکن یہ اتنا بڑا مسئلہ نہیں ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ آئی سی سی سے اپنے اچھے تعلقات کی بنیاد پر اضافی وقت لے لے گا۔

اس کے کچھ ہی دیر بعد پی سی بی نے باضابطہ طور پر آئی سی سی سے درخواست کی کہ اسے ابتدائی اسکواڈ کے اعلان کے لیے مزید وقت دیا جائے۔

بنگلہ دیش میں طے شدہ اہم ترین ٹورنامنٹ کے لیے قومی ٹیم کی قیادت کے حوالے سے ذکا اشرف نے کہا کہ محمد حفیظ مختصر ترین طرز میں قیادت کے فرائض اچھی طرح نبھا رہے ہیں تاہم فی الحال اس بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا کہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں کپتانی کون کرے گا۔

ذکا اشرف نے کہا کہ تمام پاکستانیوں کی طرح مجھے بھی بنگلہ دیش کے حالات پر سخت تشویش ہے اور ہم کسی کھلاڑی کی زندگی کو خطرے میں نہیں ڈالنا چاہتے۔ اس سلسلے میں وزارت خارجہ سے رابطہ کریں گے اور چند دنوں بعد یہ معاملہ بھی نمٹا دیا جائے گا۔

تقریباً 9 ماہ بعد عدالتی فیصلے کے نتیجے میں عہدے پر بحال ہونے والے ذکا اشرف نے کہا کہ میرے دور میں پاکستان اور بھارت کے کرکٹ تعلقات اچھے تھے اور اب واپسی کے بعد سلسلہ وہیں سے جوڑوں گا، جہاں سے ٹوٹا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ پاک-بھارت کرکٹ کے حوالے سے جلد دونوں ممالک کے شائقین کو اچھی خبر سننے کو ملے گی۔