بطور صحافی 400 واں ٹیسٹ ، قمر احمد خان کو مبارکباد
پاکستان کے کھلاڑی تو کرکٹ کے میدانوں میں کارنامے سر انجام دیتے ہی رہتے ہیں لیکن کرکٹ سے منسلک صحافی بھی کھلاڑیوں کی طرح کرکٹ کے میدانوں پر چھائے رہتے ہیں۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان شارجہ میں تیسرے ٹیسٹ کے آغاز کے ساتھ ہی سابق قومی کپتان و کوچ وقار یونس کیک تھامے صحافیوں کے انکلوژر میں پہنچے اور عرصہ دراز سے کرکٹ سے وابستہ صحافی قمر احمد خان کو مبارکباد پیش کی۔
پاکستان سے تعلق رکھنے والے قمر احمد شارجہ میں اپنے کیریئر کا 400 واں مقابلہ کور کررہے ہیں۔ اس موقع پر وقار یونس کے ساتھ کمنٹیٹر چشتی مجاہد بھی موجود تھے جبکہ ان لمحات کو مزید یادگار بنانے کے لیے پاکستان اور سری لنکا سے تعلق رکھنے والے صحافی بھی موجود تھے۔
اس پرمسرت موقع پر پاکستانی ٹیم بھی پیچھے نہیں رہی اور اس نے قومی ٹیسٹ ٹیم کی ایک شرٹ قمر احمد کو بطور تحفہ پیش کی جس پر تمام کھلاڑیوں کے دستخط موجود تھے۔