ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2014ء: پاکستان کے 30 رکنی ابتدائی دستے کا اعلان ہوگیا

3 1,024

پاکستان نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2014ء کے لیے چار دن کی تاخیر کے بعد اپنے ابتدائی دستے کا اعلان کردیا ہے۔

پاکستان نے 2009ء میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی جیتا تھا، اب 4 سال بعد اس کارکردگی کو دہرانے کا خواہاں (تصویر: AFP)
پاکستان نے 2009ء میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی جیتا تھا، اب 4 سال بعد اس کارکردگی کو دہرانے کا خواہاں (تصویر: AFP)

بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے تمام ٹیموں کو ایونٹ کے آغاز سے پورے دو ماہ قبل اپنے 30 رکنی ابتدائی دستے پیش کرنے کا حکم دیا تھا لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ میں انتظامی معاملات پر عدالتی جنگ چلنے اور ذکا اشرف کی چیئرمین کی حیثیت سے بحالی کی وجہ سے ٹیم کا اعلان بروقت نہ ہوسکا اور پاکستان نے آئی سی سی سے کچھ وقت مانگنے کے بعد آج 30 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے جس میں تمام ہی معلوم تجربہ کار و نوآموز کھلاڑی شامل ہیں۔

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی مارچ میں ممکنہ طور پر بنگلہ دیش میں کھیلا جائے گا جہاں ویسٹ انڈیز اپنے اعزاز کا دفاع کرے گا۔ پاکستان سپر 10 مرحلےکے گروپ 2 میں شامل ہے جہاں اس کا مقابلہ دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز کے علاوہ روایتی حریف بھارت اور آسٹریلیا سے ہوگا۔ پاکستان 21 مارچ کو میرپور کے شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں بھارت کے ساتھ مقابلہ کھیلے گا جو ممکنہ طور پر ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا میچ ہوگا۔ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا فائنل 6 اپریل کو اسی میدان میں کھیلا جائے گا۔

سال کے اہم ترین ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان مندرجہ ذیل 30 کھلاڑیوں میں سے 15 کا انتخاب کرے گا۔

محمد حفیظ، احمد شہزاد، شرجیل خان، شاہزیب حسن، ناصر جمشید، خرم منظور، شعیب ملک، صہیب مقصود، عمر اکمل، حارث سہیل، یاسر عرفات، یاسر شاہ، حماد اعظم، کامران اکمل، شاہد آفریدی، زوہیب احمد، سہیل تنویر، محمد عرفان، عمر گل، جنید خان، بلاول بھٹی، انور علی، اسد علی، سعید اجمل، ذوالفقار بابر، رضا حسن، عبد الرحمٰن، احسان عادل، محمد طلحہ اور سرفراز احمد ۔